ثقافت کے بارے میں اخبارات ۔ رسائل اور ٹی وی پر لوگوں کے خیالات پڑھے یا سنے جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اچھے بھلے پڑھے لکھے لوگ بھی نہیں جانتے کہ ثقافت کیا ہوتی ہے جن میں وہ بھی شامل ہیں جو ہر وقت ثقافت کی رَٹ لگائے رکھتے ہیں
ثقافت کیا ہوتی ہے ؟ جاننے کی جُستجُو مجھے اُنہی دنوں ہوئی تھی جب میری عمر سولہ سترہ سال تھی اور میں گارڈن کالج راولپنڈی میں پڑھتا تھا ۔ میں نے اُنہی دنوں کے حوالہ سے ثقافت کے سلسلہ میں 30 جون 2006ء کو اپنی ایک تحریر شائع کی تھی جس میں ایک چُبھتا ہوا فقرہ ” اُہُوں ۔ کلچر کیا تھا ۔ نیم عریاں طوائفوں کا ناچ تھا” لکھا تھا ۔ اس تحریر کو 132 بار دیکھا یا پڑھا گیا لیکن حیرت کی بات ہے کہ کسی نے اپنا اظہارِ خیال نہ کیا ۔ بہر کیف یہ حقیقت ہے کہ اُس نوجوانی کے زمانہ سے سالہا سال بعد تک کی تگ و دو اور مطالعہ نے مجھے اس قابل کیا کہ سمجھ سکوں کہ ثقافت کس بلا کا نام ہے
پچھلی دو صدیوں مین لکھی گئی کُتب کی طرف رُخ کیا جائے تو واضح ہو جاتا ہے کہ ثقافت کسی قوم ملت یا قبیلہ کی مجموعی بود و باش سے تعلق رکھتی ہے نہ کہ ایک عادت یا عمل سے ۔ نہ کچھ لوگوں کی عادات سے ۔ مزید یہ کہ ثقافت میں انسانی اصولوں پر مبنی تعلیم و تربیت کا عمل دخل لازم ہے ۔ ثقافت کے متعلق محمد ابراھیم ذوق ۔ الطاف حیسن حالی ۔ علامہ اقبال ۔ اکبر الٰہ آبادی اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا لیکن میں اسے دہرانے کی بجائے صرف لُغت سے استفادہ کروں گا
فیروز اللُغات کے مطابق ” ثقافت ” کے معنی ہیں ۔ عقلمند ہونا ۔ نیک ہونا ۔ تہذیب
ایک انگریزی سے اُردو ڈکشنری کے مطابق کلچر [Culture] کا مطلب ہے ۔ ترتیب ۔ تہذیب ۔ پرورش کرنا ۔ کاشت کرنا
چند مشہور انگریزی سے انگریزی ڈکشنریوں کے مطابق ثقافت یا کلچر [Culture] کے معنی ہیں
مریم ویبسٹر ڈکشنری
1 ۔ زراعت ۔ کاشت کاری
2 ۔ شعوری اور اخلاقی استعداد کا افشا بالخصوص علم کے ذریعہ
3 ۔ ماہرانہ فکر اور تربیت
4 ۔ شعوری اور جمالیاتی تربیت سے حاصل کردہ بصیرت اور عُمدہ پسندیدگی
5 ۔ پیشہ ورانہ اور فنی استعداد سے ماوراء فنونِ لطیفہ ۔ انسانیات اور سائینس کی وسیع ہیئت سے شناسائی
6 ۔ انسانی معلومات کا مرکب مجسمہ ۔ اعتقاد اور چال چلن جس کا انحصار سیکھنے کی وسعت اور آنے والی نسلوں کو علم کی مُنتقلی پر ہو
7 ۔ کسی گروہ کے رسم و رواج ۔ باہمی سلوک اور مادی اوصاف
8 ۔ کسی گروہ یا ادارے کا باہمی رویّہ ۔ ترجیحات ۔ مقاصد اور عمل
9 ۔ ترجیحات ۔ رواج ۔ باہمی عمل ۔ طور طریقے کا مجموعہ ۔
10 ۔ کسی جاندار مادہ [جرثومہ ۔ وائرس] کی ایک خاص ماحول میں افزائش
کومپیکٹ آکسفورڈ ڈکشنری
1 ۔ خیالی یاشعوری فَن یا ہُنر کے ظہُور جو اجتمائی نشان ہو یا اس کی ایک خالص فِکر یا قدر دانی
2 ۔ کسی قوم ۔ مِلّت یا گروہ کی رسوم ۔ ادارے اور کامرانی
3 ۔ پودوں کی کاشت ۔ جانوروں کی پرورش یا مادی تخلیق
4 ۔ طِب میں کلچر کے معنی یہ ہیں ۔ ایک خاص افزائشی ماحول میں خُلیہ یا جرثُومہ کی پرورش
کیمبرج بین الاقوامی انگریزی کی ڈکشنری
1 ۔ کسی قوم ۔ مِلّت یا گروہ کے کسی خاص دور میں بود و باش کا طریقہ بالخصوص عمومی عادات ۔ رسوم ۔ روایات اور عقائد
2 ۔ اگر صرف فَنون سے متعلق ہو تو موسیقی ۔ ہُنر ۔ ادبی علوم یا تمثیل گھر
اینکارٹا ورلڈ انگلش ڈکشنری
کسی قوم یا گروہ کی / کے مشترکہ
1 ۔ مجموعی طور پر فن یا ہُنر جس میں فنونِ لطیفہ ۔موسیقی ۔ ادب ۔ ذہنی چُستی شامل ہوں
2 ۔ آگہی ۔ آمیزش اور بصیرت جو تعلیم کے ذریعہ حاصل ہو
3 ۔ رائے ۔ وصف ۔ رسم و رواج ۔ عادات ۔ باہمی طور طریقے
4 ۔ شعور یا ہُنرمندی یا فنی مہارت کی نشو و نما
مندرجہ بالہ معلومات پر معمولی غور سے واضح ہو جاتا ہے کہ ثقافت صرف عادات و رسوم کا ہی نہیں بلکہ صحتمند عادات و رسوم کے مجموعہ کا نام ہے جن کی بنیاد تعلیم پر ہو ۔ یعنی بُری عادات کو ثقافت کا حصہ نہیں سمجھا جا سکتا ۔ ہر چند کہ کسی گروہ یا قبیلہ کے لوگ کچھ قباحتیں بھی رکھتے ہوں لیکن ان بُری عادات کو ان کی ثقافت کا حصہ نہیں سمجھا جائے گا
جاری ہے ۔ ۔ ۔