وزیر برائے پانی و بجلی کے 15 اپریل سے گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنے کا حُکم صادر کیا جواز یہ تھا کہ اس سے بجلی کے استعمال میں بچت ہو گی ۔ ایک معصوم سے شخص نے پوچھا ” جس غریب کے پاس گھڑی ہی نہ ہو ۔ وہ بجلی کی بچت کیسے کرے ؟” میرے پاس اس کا جواب نہیں ہے ۔
ہمارے حُکمرانوں کی نفسیات کچھ ایسی ہو چُکی ہے کہ ہر وہ عمل جو فرنگی اختیار کرے اُسے بغیر سوچے سمجھے اختیار کرنے میں بہتری خیال کرتے ہیں ۔ایک پرانی ضرب المثل ہے کہ دوسرے کا منہ سُرخ دیکھ کر اپنا تھپڑ مار مار کر سُرخ کر لینا ۔ فرنگیوں کے جغرافیائی اور ترقیاتی حالات وطنِ عزیز اور اس کے گرد و نواح کے حالات سے مختلف ہیں اس لئے یورپ اور امریکہ بجلی کی بچت کیلئے نہیں بلکہ قدرتی روشنی سے مستفید ہونے کیلئے گرمیوں میں گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کر لیتے ہیں اور سردیوں میں واپس ۔ ان ممالک کے لوگ گھڑیاں آگے اور پیچھے کرنے کی بجائے اوقاتِ کار آگے پیچھے کر سکتے تھے مگر اُن کا زیادہ تر دفتری کاروبار کمپیوٹرائزڈ [computerised] ہوتاہے ۔ بالخصوص ملازمین کی حاضری اور تنخواہ کا نظام ہر محکمہ میں کمپیوٹرائزڈ ہے ۔ اوقاتِ کار بدلنے سے سب محکموں کے کمپیوٹروں کے پروگرام میں مناسب تبدیلیاں سال دو بار کرنا پڑتیں جو کہ وقت طلب عمل ہے اور بعض اوقات مسائل بھی پیدا کر سکتا ہے ۔ اسلئے ان ترقی یافتہ ملکوں میں گھڑیاں آگے پیچھے کرنا ہی مناسب ہے ۔
وطنِ عزیز میں تو کمپیوٹرائزیشن برائے نام ہے ۔ پھر اوقاتِ کار بدلنے میں پریشانی کیوں ؟ وطنِ عزیز میں کم از کم 1973ء تک تمام تعلیم اداروں اور دفاتر کے اوقاتِ کار یکم اپریل اور یکم اکتوبر کو تبدیل ہوا کرتے تھے ۔ یہ سلسلہ حکومت نے آج سے تیس پینتیس سال قبل ختم کر دیا ۔ دکانین صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کھُلتی تھیں ۔ بعد میں دکانداروں پر نجانے کونسا بھوت سوار ہوا کہ اُنہوں نے دکانیں دوپہر کو کھولنا اور آدھی رات کو بند کرنا شروع کر دیں
بھارت سائنس اور کمپیوٹر میں عملی طور پر وطنِ عزیز سے بہت آگے ہے لیکن وہاں کسی نے گھڑیاں آگے پیچھے کرنے کا نہیں سوچا ۔ نہ سری لنکا میں ایسا ہوا ہے ۔ یہ عقلمندی صرف وطنِ عزیز کی حکومت کو ہی کیوں سُوجھی ہے ؟ یہ بھی خیال نہیں رکھا گیا کہ ہمارے ہموطنوں کی اکثریت وقت دیکھنا بھی نہیں جانتی ۔ میرے ساتھ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بعض اوقات ایسا ہوا کہ کسی راہگذر نے وقت پوچھا ۔ میں نے کہا میرے پاس گھڑی نہیں ہے تو اس نے اپنی گھڑی والی کلائی میرے سامنے کر دی
گھڑیوں پر وقت تبدیل کرنے کے احکامات پر ہموطنوں کی اکثریت عمل نہیں کرتی ۔ نجی ادارے اور دکاندار سرکاری حُکم سے بے نیاز اپنے معمول پر قائم رہتے ہیں ۔ سرکاری اداروں کا یہ حال ہے کہ ملازمین دفتر پہنچتے تو پرانے وقت کے مطابق ہیں اور چھٹی نئے وقت کے مطابق کرتے ہیں یعنی روزانہ ایک گھنٹہ کم کام کرتے ہیں یعنی اُلٹا چھ گھنٹے فی ہفتہ کا نقصان ۔ پھر اس سارے تکلف کا فائدہ ؟
جب پچھلی حکومت نے گھڑیاں آگے کرنے کا حُکم جاری کیا تھا تو میں نے کچھ تجاویز وزیر پانی و بجلی کو بھیجی تھی اور اخباروں کو بھی لکھا تھا ۔ ڈان اور دی نیوز میں میرا خط چھپا بھی تھا ۔ پچھلے سال بھی میں نے موجودہ حکومت کو وہی تجاویز بھیجی تھی ۔ لیکن کون سنتا ہے عام شہری کی بات ۔ اس بار میں نے وہی تجاویز لکھ کر بڑے لوگوں سے میل ملاپ رکھنے والے ایک شخص کو دی تھیں ۔ یہ تجاویز مندرجہ ذیل ہیں
فوری اقدامات
1 ۔ بجلی کی ترسیل کا غیر قانونی کُنڈے نظام جہاں جہاں بھی ہے اُسے ختم کیا جائے ۔ کراچی جیسے ترقی یافتہ شہر میں بھی یہ نظام عام ہے ۔ لائین مین کھُلے بندوں کنڈا لگانے کا 1500 روپیہ مانگتے ہیں اور کوئی پوچھتا نہیں ۔ دوسرے شہروں میں بھی یہ ناسُور موجود ہے ۔ دیہات میں بھی بارسوخ لوگ بجلی کا بڑا استعمال میٹر سے مبرا ہی کرتے ہیں ۔ اسے بھی کُنڈا ہی کہنا چاہیئے
2 ۔ وزراء اور اعلٰی سرکاری ملازمین کو بے تحاشہ زیادہ بجلی مفت مہیا کی جاتی ہے اور ان لوگوں کی ماہانہ تنخواہیں اور دوسری مراعات بھی بہت ہیں ۔ واپڈا کے ملازمین کو بھی بجلی کے استعمال کی کافی چھوٹ دی گئی ہے ۔ ایک مثال ۔ واپڈا کے سکیل ۔ 19 کے ریٹائرڈ ملازم کو ساری زندگی کیلئے ماہانہ 450 یونٹ تک مفت بجلی استعمال کرنے کی اجازت ہے ۔ دوسری طرف مُلک ڈُوب رہا ہے اور یہ سب حضرات موج میلا لگائے ہوئے ہیں ۔ ان سب کی مفت بجلی کی حدوں کو کم از کم آدھا کر دیا جائے
3 ۔ تمام دکانداروں کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مذاکرات کر کے اُنہیں احساس دلایا جائے کہ وہ دکانیں صبح 8 بجے کھولیں اور رات 8 بجے بند کریں
4 ۔ تمام کارخانوں کے اوقاتِ کار ترتیب دیئے جائیں کہ ہر کارخانہ 24 گھنٹوں میں 8 گھنٹے اس طرح کام کریں کہ کسی بھی وقت بجلی کا خرچہ کم سے کم ہو یعنی کچھ کارخانے صبح 8 سے بعد دوپہر 2 بجے تک کام کریں ۔ کچھ بعد دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک اور کچھ رات 10 بجے سے صبح 8 بجے تک ۔ متواتر چلنے والے کارخانوں کو دورانیہ ایک ہفتہ مقرر کیا جائے اس طرح ترتیب دیا جائے کہ کسی بھی وقت بجلی کا خرچہ کم سے کم ہو
5 ۔ پیداواری منصوبہ بندی
بھاشا ڈیم جیسے ایک یا دو بہت بڑے پراجکٹس کی بجائے بہت سے چھوٹے اور درمیانے حُجم کے منصوبے شروع کئے جائیں ۔ ایسے ہر منصوبے کی لاگت بہت کم ہو گی اور یہ بہت جلد مکمل بھی ہو جائیں گے ۔ سب سے بڑی بات کہ ایسے منصوبوں کو کسی صوبے کے سیاستدان اپنی سیاست چمکانے کیلئے بھی استعمال نہیں کر سکیں گے کیونکہ ان میں جو پانی پیچھے سے آئے گا وہ آگے نکل جائے گا ۔ ایک ایسا ہی چھوٹا منصوبہ عرصہ دراز سے گجرات کے قریب شادی وال میں کام کر رہا ہے ۔ ایسے منصوبے دریائے سندھ اور جہلم کے علاوہ کئی نہروں پر بھی ایک دوسرے سے 20 سے 40 کلو میٹر کے فاصلے پر لگائے جا سکتے ہیں
سر۔۔ اس حکمران طبقے کو تجاویز دینا، پتھر سے سر پھوڑنے کے مترادف ہے۔
یہ جو طالبان کا ہوا کھڑا ہوگیا ہے اگر اس کا ٹھنڈے دماغ سے تجزیہ کریں تو یہ طبقاتی جنگ ہے، وہی جنگ جو انسان کے دنیا میں آنے کے بعد سے ہی شروع ہوگئی تھی۔ ہمارے حکمران طبقے کی بے وقوفی بلکہ احمقانہ پن یہ رہا ہے کہ انہوں نے دکھاوے کے طور پر بھی محروم طبقے کے لئے کچھ نہیں کیا، اب یہ خلیج اتنی بڑی اور گہری ہوگئی ہے کہ اس کو پاٹنے کے لئے دونوں میں سے ایک کو اس خلیج میں پھینک کر اسے پاٹنا پڑے گا۔۔۔ انتظار کریں اور دیکھیں کون جیتتاہے۔ البتہ تاریخ یہ کہتی ہے کہ جن کے پاس ہارنے کے لئے کچھ نہیں ہوتا، وہ کبھی نہیں ہارتے۔۔۔۔
السلام علیکم۔
“سب سے بڑی بات کہ ایسے منصوبوں کو کسی صوبے کے سیاستدان اپنی سیاست چمکانے کیلئے بھی استعمال نہیں کر سکیں گے”
یہ لکھنے کی غلطی آپ کو نہیں کرنی چاہیے تھی۔ اب آپ کی تجاویز خواب میں بھی پوری نہیں ہو سکتیں۔ :razz: