سیّدہ شگفتہ صاحبہ لکھتی ہیں کہ “قرآن پاک رٹ لینا ۔ آسان ۔ ۔ سمجھ لینا ۔ مشکل ۔ ۔ سمجھ کر عمل کرنا ۔ مشکل ترین ہے ۔ مزید لکھتی ہیں “حفاظِ قرآن کا تصور صرف مدارس سے ہی کیوں مختص ہے ۔ تمام معاشرے سے کیوں نہیں ؟”
سیّدہ شگفتہ صاحبہ کا سوال دعوت ہے کہ ہر مسلمان ہموطن اپنے آپ سے یہ سوال پوچھے
موضوع بھی بہت اہم چھیڑا ہے ۔ تبصرہ طویل ہو جانے اور اس سوچ کے تحت کہ عام قارئین مستفید ہو سکیں میں نے اس کا جواب اپنے بلاگ کے سرِ ورق رقم کرنا مناسب خیال کیا ۔ میرا تجربہ ہے کہ قرآن شریف رَٹ لینے سے سمجھ کر پڑھنا آسان ہے ۔ اگر سمجھ کر پڑھ لیا جائے تو عمل کرنا بہت مشکل نہیں رہتا ۔ صرف اتنا ہی مشکل ہوتا ہے جتنا دنیاوی قوانین پر عمل کرنا ۔ اصل مشکل صرف رویّئے اور نیّت کی ہے ۔ اگر اَن پڑھ خاندان کی ایک عورت جو ایک دن کیلئے بھی کسی مدرسہ یا سکول نہیں گئی محنت مزدوری کرنے کے ساتھ ساتھ دو سال کے اندر پہلے ناظرہ قرآن شریف پڑھ لیتی ہے اور پھر قرآن ترجمہ کے ساتھ ۔ تو پڑھے لکھے خاندانوں کے لوگ جو سکولوں اور کالجوں کے بھاری اخراجات ادا کر کے سائنس ۔ انگریزی ۔ سیاست ۔ وکالت وغیرہ پڑھتے ہیں وہ قرآن شریف کو سمجھ کر کیوں نہیں پڑھ سکتے ؟ جس عورت کا میں نے ذکر کیا ہے ہماری ملازمہ ہے جو اپنی شادی کے کئی سال بعد ہمارے پاس آئی اور سات آٹھ سال قبل میری بیوی سے پہلے ناظرہ اور پھر ترجمہ کے ساتھ قرآن شریف پڑھا ۔ پھر کچھ سال اپنے خاوند کے خاندانی معاملات کے سلسلہ میں اِدھر اُدھر رہی پھر میاں بیوی واپس ہمارے پاس آ گئے ہوئے ہیں
قرآن شریف کا نزول بطور آئینِ حیات ہوا تھا تاکہ اس پر عمل کیا جائے اور کسی چیز پر عمل پیرا ہونے کیلئے اسے سمجھ کر پڑھنا لازم ہوتا ہے ۔ قرآن شریف کی عزت یہ نہیں ہے کہ اسے مخمل کا غلاف چڑھا کر اُونچی جگہ پر رکھ دیا جائے بلکہ یہ ہے کہ اسے سمجھ کر پڑھا جائے اور اس پر عمل کیا جائے
سورت ۔ 73 ۔ المزمل ۔ آیت ۔ 4 ۔ ۔ ۔ ۔ وَرَتِّلِ الْقُرْآنَ تَرْتِيلًا ۔ ترجمہ ۔ اور قرآن کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھا کرو
اللہ نے قرآن شریف ٹھہر ٹھہر کر پڑھنے کا حُکم دیا ہے ۔ پڑھے لکھے لوگ جانتے ہیں کہ ٹھہر ٹھہر کر وہ چیز پڑھی جاتی ہے جسے ذہن نشین کرنا ہو ۔ ایک غلط نظریہ یہ بھی ہے کہ جو لوگ کچھ نہ کر سکیں وہ قرآن شریف کو طوطے کی طرح رَٹ لیں ۔ کچھ لوگوں نے قرآن شریف کو کسی کے مرنے پر فرفر پڑھنے کیلئے مُختص کر دیا ہے ۔ قرآن شریف کی تلاوت کارِ ثواب ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ طوطے کی طرح بغیر سمجھے پڑھا جائے ۔ شاید قرآن شریف کو بغیر سمجھے پڑھنے کا ہی نتیجہ ہے کہ ہماری نماز ہمیں بُرائی سے نہیں روک پاتی
سورت ۔ 29 ۔ العنکبوت ۔ آیت ۔ 45 ۔ ۔ کتاب جو تمہاری طرف وحی کی گئی ہے اس کو پڑھا کرو اور نماز کے پابند رہو ۔ کچھ شک نہیں کہ نماز بےحیائی اور بری باتوں سے روکتی ہے۔ اور اللہ کا ذکر بڑا [اچھا کام] ہے ۔ اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اُسے جانتا ہے
حفظ کرنا بھی اچھی بات ہے ۔ اگر حفاظ نہ ہوتے تو قرآن شریف کے خلاف ہر دور میں کی گئی سازشوں کے باوجود اس کا مکمل درست حالت میں ہم تک پہنچنا بہت مُشکل تھا ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے قرآن شریف کی حفاظت کا ذمہ لیا تھا شاید اسی لئے ہزاروں مسلمانوں کو توفیق دی کہ اسے حفظ کر لیں ورنہ کوئی اور کتاب دنیا میں ایسی نہیں جسے کسی انسان نے ہُوبہُو یاد کیا ہو ۔ میرے ایک دوست ایم ایس سی انجنرنگ ہیں اور حافظ قرآن ہیں ۔ اُن کے بیٹے اچھے سکولوں اور کالجوں میں پڑھتے ہیں اور انہوں نے قرآن شریف بھی حفظ کیا ہوا ہے ۔ اللہ کے فضل سے وہ دین پر عمل پیرا ہیں اور دنیا کا کام بھی احسن طریقہ سے چلا رہے ہیں
مدرسوں کے متعلق بھی عام لوگوں کی معلومات بہت کم ہیں ۔ جو باقاعدہ مدرسے ہیں وہاں قرآن شریف کا رَٹا نہیں لگوایا جاتا البتہ کچھ طالب علم قرآن شریف حفظ کر لیتے ہیں ۔ ان مدرسوں میں قرآن ۔ حدیث ۔ اصولِ فقہ ۔ فقہ ۔ اُردو ۔ عربی ۔ انگریزی ۔ ریاضی ۔ سب کچھ پڑھایا جاتا ہے اور اب تو کئی مدارس میں کمپیوٹر کی تعلیم بھی دی جا رہی ہے ۔ عام لوگ مدرسہ شاید اُسے سمجھتے ہیں جو محلے کی مسجد کے ساتھ ہوتا ہے جہاں بچے اُونچی آواز میں قرآن شریف کے الفاظ رَٹ رہے ہوتے ہیں ۔ یہ دراصل مدرسے نہیں ہوتے ۔ دیگر بہت سی مساجد کے امام جو اس محلہ کے لوگوں نے مقرر کر رکھے ہیں یا جو لوگ ان مساجد میں بچوں کو پڑھاتے ہیں وہ دینی لحاظ سے تعلیم یافتہ نہیں ہوتے تو وہ بچوں کو سوائے اس کے اور کیا پڑھائیں گے ؟
سورت 2 ۔ البقرہ ۔ آیات 8 تا 13 ۔ بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان لائے ہیں حالانکہ درحقیقت وہ مؤمن نہیں ہیں ۔ وہ اللہ اور ایمان لانے والوں کے ساتھ دھوکہ بازی کر رہے ہیں ۔ مگر دراصل وہ خود اپنے آپ کو دھوکہ میں ڈال رہے ہیں اور انہیں اس کا شعور نہیں ہے ۔ ان کے دِلوں میں ایک بیماری ہے جسے اللہ نے اور زیادہ بڑھا دیا اور جو جھوٹ وہ بولتے ہیں اس کی پاداش میں ان کیلئے دردناک عذاب ہے ۔ جب کبھی ان سے کہا گیا کہ زمین میں فساد برپا نہ کرو تو انہوں نے یہی کہا کہ ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں ۔ خبردار حقیقت میں یہی لوگ مفسد ہیں مگر انہیں شعور نہیں ہے ۔ اور جب ان سے کہا گیا کہ جس طرح دوسرے لوگ ایمان لائے ہیں اسی طرح تم بھی ایمان لاؤ تو انہوں نے یہی جواب دیا کیا ہم بیوقوفوں کی طرح ایمان لائیں ۔ خبردار حقیقت میں تو یہ خود بیوقوف ہیں مگر یہ جانتے نہیں ہیں
سورت 2 ۔ البقرہ ۔ آیت 120 ۔ یہودی اور عیسائی تم سے ہرگز راضی نہ ہوں گے جب تک تم ان کے طریقے پر نہ چلنے لگو ۔ صاف کہدو کہ راستہ بس وہی ہے جو اللہ نے بتایا ہے ۔ ورنہ اگر اُس علم کے بعد جو تمہارے پاس آ چکا ہے تم نے اُن کی خواہشات کی پیروی کی تو اللہ کی پکڑ سے بچانے والا نہ کوئی دوست ہوگا اور نہ کوئی مددگار
اللہ ہمیں سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے
جزاک اللھ-
”قرآن شریف کا نزول بطور آئینِ حیات ہوا تھا تاکہ اس پر عمل کیا جائے اور کسی چیز پر عمل پیرا ہونے کیلئے اسے سمجھ کر پڑھنا لازم ہوتا ہے ۔ قرآن شریف کی عزت یہ نہیں ہے کہ اسے مخمل کا غلاف چڑھا کر اُونچی جگہ پر رکھ دیا جائے بلکہ یہ ہے کہ اسے سمجھ کر پڑھا جائے اور اس پر عمل کیا جائے”
میں اس تحریر پر تبصرہ کرتے ہوئے آپ کا ہی لکھا پیرا کوٹ کر رہا ہوں۔
ہمارے ہاں تو یہ بات عام ہو چکی ہے بس جب کوئی وفات پا جائے تو سب مل کر قرآن پڑھنا شروع کر دیتے ہیں۔ کیا قرآن اسی مقصد کے لیے نازل کیا گیا تھا؟
ایسا کرنے والوں کو پہلے یہ سمجھنا چاہیے کہ قرآن کیا ہے اور اس کا ہم پر کیا حق ہے۔
مدارس کے حوالے سے بھی آپ نے درست لکھا۔ حافظ قرآن بھی دیگر کئی فیلڈز میں مہارت رکھتے ہیں۔
انکل آپکی تحریر پر نظر پڑنے سے پہلے افضل صاحب کی تحریر پڑھی ہے اور دل بہت اداس ہے۔ کچھ بھڑاس وہاں نکالی ہے وہ دیکھ لیں۔
فیصل صاحب
میں پچھلے دنوں گھریلوں کاموں میں بہت مصروف رہا ہوں ۔ اِن شاء اللہ کوشش کروں گا کہ آج آپ کا تبصرہ پڑھ کر کل اپنے بلاگ پر میرا پاکستان والے صاحب کی تحریر کا جواب لکھوں
Pingback: What Am I میں کیا ہوں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ » Blog Archive » کیا واقعی ایسا ہے ؟
Pingback: » قرآن کی سمجھ میرا پاکستان: