میرے وطن جموں کشمیر میں آج بھی آہنسا پرمودما کے پُجاری میرے مسلمان بھائوں کا خون بہا رہے ہے ۔ پچھلے دنوں ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی سڑکوں اور گلیوں کو مسلمانوں کے خون سے رنگ دیا گیا
پیر اور منگل یعنی 11 اور 12 اگست 2008ء کے روز مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے “مظفر آباد چلو” مارچ میں حصّہ لیا ۔ بھارتی فوج اور نیم فوجی دستوں اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں نے مظاہرین پر اشک آور گیس کے شیل پھنکے اور گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے نتیجے میں مذاکرات کے ذریعہ معاملات کو حل کرنے کے حامی سرکردہ حریت رہنما شیخ عبدالعزیز اور ایک خاتون سمیت کم از کم 20 افراد شہید ہو گئے اور 100 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ۔ بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے طاقت کے استعمال اور مُظاہرین پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا ۔ حکومت کا یہ اقدام کسی منطق کا نہیں بلکہ سراسر بوکھلاہٹ نتیجہ ہے
تنازعہ کیسے شروع ہوا
ریاست جموّں و کشمیر کے مسلم اکثریتی صوبہ کشمیر میں ہندوٴوں کی ایک مقدس غار واقع ہے ۔ جسے “امرناتھ گھپا” کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ ہر سال بھارت کی مختلف ریاستوں سے ہندو عقیدت مند امرناتھ غار کی یاترا کیلئے آتے ہیں مگر کبھی ان کی رہائش کلا مسئلہ پیدا نہیں ہوا ۔ حال ہی میں ایک ہندو نجی ادارہ تشکیل دیا گیا اور ریاست کی حکومت نے یاتریوں کی سہولت کے نام پر 800 کنال زمین اس نجی ادارے کے نام منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ یہ زمین دراصل مسلمانوں کے مقدس مقامات کی ملکیت ہے ۔
حکومت میں شامل بھارت نواز پارٹی نے بھی اس فیصلہ سےمشتعل ہو کر حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ۔ شدید دباؤ کے پیش نظر ریاستی حکومت نے زمین منتقل کئے جانے کا فیصلہ واپس لیا لیکن اس فیصلے کے خلاف ریاست کے صوبہ جموّں میں ہندوٴوں کی طرف سے احتجاجی مظاہرے شروع کئے گئے ۔ ہر گُذرتے دن کے ساتھ ریاستی وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد پر سیاسی دباؤ بڑھتا ہی چلا گیا اور بالآخر 7 جولائی 2008ء کو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ۔ مگر ہندو تنظیموں نے اسی پر بس نہ کی اور پندرہ بیس دن قبل 294 کلو میٹر طویل جموّں سے سری نگر قومی شاہراہ کی مکمل ناکہ بندی کردی اور اشیاء ضروری کی سپلائی کشمیر نہیں پہنچنے دی اور نہ ہی مسلمانوں کے باغوں میں پیدا ہونے والے پھل گذرنے دئیے جو کہ گل سڑ گئے ۔
باغات کے مالکان اور تاجران نے اس غیرقانونی اور غیر انسانی ناکہ بندی سے مجبور ہو کر اپنا مال مظفر آباد اور راولپنڈی کی منڈیوں میں فروخت کرنے کا ارادہ کیا ۔ اس پر “مظفر آباد چلو” کا نعرہ لگایا گیا ۔ مقبوضہ ریاست جموں کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے صوبہ کشمیر میں پھلوں کی پیداوار سے منسلک فروٹ گروئرز ایسوسی ایشن ۔ تاجروں کی انجمنوں ۔ سول سوسائٹی کے اتحاد [کولیشن آف سول سوسائٹی] ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس ۔ یہاں تک کہ بھارت نواز جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے بھی مارچ کی حمایت کی گئی ۔
ایک طرف بھارت اور پاکستان کی حکومتیں سری نگر ۔ مظفر آباد روڑ سے تجارت شروع کرنے کی باتیں کررہے ہیں اور دوسری طرف مظفر آباد میں اپنا مال فروخت کرنے کی خواہش ظاہر کرنے پر بھارتی حکومت نے ہندوؤں کی طرف سے کی گئی غیرقانونی ناکہ بندی کو ختم کرانے کی بجائے کرفیو لگا کر علاقے کو فوج کے حوالے کر دیا ۔
یہ سب کچھ اس بھارتی حکومت کی ایماء پر اور سرپرستی میں ہو رہا ہے جو بھارت کو مذہبی تفریق سے آزاد جمہوریت قرار دیتی ہے اور امن امن کا راگ الاپتی رہتی ہے ۔
آج اپنے آپ کو مسلمان کہنے والے ڈیڑھ ارب انسان کہاں ہیں ؟ انسان دوستی کے راگ گانے والے اربوں جمہوریت پسند کہاں ہیں جن کا دعوٰی ہے کہ وہ کسی جانور کو بھی مرتا نہیں دیکھ سکتے ؟
اپنے 16 کروڑ پاکستانی کہاں ہیں ؟
وہ ہموطن کہاں ہیں جو بھارتی ہندؤوں سے پیار کی پینگیں بڑھانے کے گیت گاتے رہتے ہیں ۔
وہ مظلوموں کے دُکھ کا ساتھی ہونے کا دعوٰی کرنے والا الطاف حسین کونسا برطانوی نشہ پی چکا ہے کہ اُسے مسلمان کا خون نظر نہیں آتا ؟
جناب!
درست فرماتے ہیں لیکن التماس ہے کہ ٹھیٹ غیر اردو الفاظ کے استعمال سے گریز کریں۔ میں نے یہ دیکھا ہے کہ اکثر اردو جریدے و رسائل دوسرے مذاہب کے بارے میں لکھتے ہیں تو ان مذاہب کی اصطلاح ان ہی کی زبان میں کرتے ہیں۔ یوں ان کی زبان کا علم رکھنا ہمارا ضروری ہوجاتا ہے، اسکے برخلاف ان مذاہب کے ماننے والے سرے سے ہی ایسی باتوں سے اجتناب کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر سارے ذرائع ابلاغ جن میں اردو والے بھی شامل ہیں حضرت نظام الدین کو صرف نظام الدین لکھتے اور کہتے ہیں۔ یہ اس ذہن کی نشاندہی کرتا ہے جو حکمران قوم کا ہوتا ہے۔ خیر اس منطق سے اردو یا مسلمان محکوم گردانے جاسکتے ہیں۔ انگریز نے اسی کے تحت انگریزی کو مروج کیا تھا۔ کیا ہم نے کوئی سبق نہیں لیا؟ ہمیں کوئی کچھ بھی نام دے، ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہمیں مسلمان سمجھ کر وار کیا جاتا ہے، ورنہ امریکہ عراق میں بھی وہی کرتا جو اس نے جرمنی اور جاپان میں کیا تھا۔
محمد نقاد صاحب
میں آپ کے احساسات کی قدر کرتا ہوں ۔ میں نے ” آہنسا پرمودرما” کا لفظ اسلئے استعمالکیا کہ ہر ہندو سیاستدان ہر وقت یہ کہتا تھا ۔ میرے ہندی کے محدود علم کے مطابق اس کا مطلب ہے ۔ امن اور عدمِ تشدد ۔
میں خالص اُردو بولنے اور لکھنے کو ترجیح دیتا ہوں ۔ کئی بار قارئین سوال کرتے ہیں اس کا کیا مطلب ہے ؟ ایسے قارئین کی سہولت کیلئے مجھے انگریزی کے لفظ استعمال کرنا پڑتے ہیں ۔
جہاں تک محترم نظام الدین کا تعلق ہے میرے بزرگ ان کے معتقد تھے تو میں کیسے گستاخی کر سکتا ہوں ۔ میں تو اپنے سے چھوٹے کا بھی احترام کرتا ہوں