Yearly Archives: 2007

آج کی خبریں

سنا تھا کہ جب ظلم کی انتہاء ہو جائے تو پتھر بھی بول پڑتے ہیں لیکن ہماری قوم نے نہ جانے کونسا نشہ پی رکھا ہے کہ اس کے اْوپر سے شاید ہاتھی بھی گذر جائے تو اسے پتہ نہ چلے ۔ جو کچھ 9 مارچ کو بعد دوپہر اسلام آباد میں ہوا اگر کسی اور ملک میں ہوتا تو وہاں کے تمام باشندے سڑکوں پر نکل آتے ۔ دور کی بات کیا کرنا اگر ایسا واقعہ بنگلہ دیش میں بھی ہوتا تو دو دن کے اندر وہاں کے صدر اور وزیراعظم کو اپنی کرسیاں چھوڑنا پڑ جاتیں ۔

کمال تو یہ ہے کہ سب سے زیادہ شائع ہونے کا دعوٰی کرنے والے اُردو اخبار “جنگ” اور انگریزی اخبار ” دی نیوز” حکومت کا مؤقف انتہائی جانبداری سے نمایاں طور پر شائع کر رہے ہیں ۔ ڈان اور نیشن نے متوازن خبریں باقاعدہ حوالوں کے ساتھ چھاپی ہیں ۔ پڑھئیے ڈان کی خبریں ۔ اور آخر میں جسارت کی ایک چونکا دینے والی خبر ۔

چیف جسٹس صاحب گھر میں نظربند

چیف جسٹس صاحب کو مستعفی ہونے پر مجبور کیا گیا

انصاف کے آخری نشانات کی بربادی کی طرف

نعیم بخاری کا وکالت کا لائیسنس کینسل کر دیا گیا

لاپتہ افراد کا معاملہ مت چھیڑو ۔ مجھے حکومت کرنے دو ۔

نوشتۂِ دیوار

عدالتِ عظمٰی کی ہوا کی سِیٹی
نثار میں تیری گلیوں پہ اے وطن کے جہاں
چلی ہے رسم کہ کوئی نہ سر اُٹھا کے چلے


وطن کی ہواؤں کی سَرسراہٹ

ظُلم کا بادل ہر طرف چھایا
اور لُٹ رہا ہے قومی سرمایہ
مسلمانوں اب تو جاگ اُٹھو
کہ پھر وقتِ شہادت ہے آیا
توحید کا پیغام پھیلا دو
اور اسلام کا پرچم لہرا دو
باطل کی دنیا کو بتلا دو
توحید کے ہو متوالے تُم
اسلام کے ہو رکھوالے تُم
تُم پر اللہ کی رحمت کا سایہ
مردِ مُسلماں جاگ بھی اُٹھو
کہ اب وقتِ شہادت ہے آیا

اور اب کُلہاڑا چل گیا

پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگاتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو معطل کر کے ان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔ محترم جسٹس افتخار محمد چوہدری صاحب کے عہدے کی میعاد 2011 عیسوی میں ختم ہونا تھی ۔ 

ذرائع کے مطابق ریفرنس دائر کرنے سے پہلے صدر مشرف نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلا کر ان سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔ لیکن جسٹس افتخار چوہدری نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔


ایک ماہ پہلے کی خبر

پاکستان کی پہلی قومی جوڈیشل کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کی آزادی کے لیے جج میں احساس تحفظ ضروری ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ جج کو یہ یقین ہونا چاہیے کہ اگر وہ انتظامیہ کی مرضی کے مطابق فیصلہ نہیں بھی دے گا تو اسے برطرف نہیں کیا جا سکے گا اور اس کی مخالفانہ رائے اس کی کسی بلاجواز سزا کا سبب نہیں بنے گی۔

یہ مشترکہ اعلامیہ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری نے پڑھ کر سنایا جو سپریم کورٹ آف پاکستان کے آڈیٹوریم میں ہونے والی تین روزہ قومی جوڈیشل کانفرنس سے اختتامی خطاب کر رہے تھے۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ججوں کے عہدے کی مقررہ معیاد کی ضمانت ہونی چاہیے تاکہ وہ ان مقدمات میں بھی اپنی دیانتدارانہ رائے دے سکیں جن میں ریاست کا کوئی اہم حصہ فریق ہو۔ تاہم انہوں نے عدلیہ کے خود احتسابی کے کڑے نظام کی موجودگی پر بھی زور دیا۔

کہانی اور مکالمہ

دو ماہ پیشتر ٹماٹر جو دس بارہ روپے کے کلو گرام بِک رہے تھے دو ہفتوں میں بڑھ کر سو روپے فی کلو گرام ہو گئے ۔ ہمارے بادشاہ سلامت الیکشن مہم کے ایک جلسہ سے خطاب کر چکے تو اُن کی توجہ ٹماٹروں کی قیمت کی طرف دلائی گئی ۔ ارشاد ہوا ۔ اگر مہنگے ہیں تو نہ کھائیں ۔ کچھ اور کھا لیں ۔ مجھے یاد آیا کہ مڈل سکول کی انگریزی کی کتاب میں ایک کہانی پڑھی تھی کہ ایک ملکہ کے محل کے باہر عوام اکٹھے ہو گئے ۔ ملکہ نے پوچھا یہ کیوں آئے ہیں ۔ وزیر نے بتایا کہ کہتے ہے کھانے کو روٹی نہیں ہے تو ملکہ نے کہا ان کو کہیں کہ کیک یا بسکٹ کھا لیں ۔ اس پر سب طلباء ہنستے تھے کہ ایسی بیوقوف ملکہ بھلا ہو سکتی ہے ۔ اب ثابت ہوا کہ بادشاہ لوگ ایسے ہی ہوتے ہیں ۔

ایک مفروضہ مکالمہ جسے اگر ہمارے موجودہ حکمرانوں اور عوام کے درمیان سمجھ لیا جائے تو حقیقت معلوم دیتا ہے ۔

“جناب مہنگائی بہت زیادہ ہو گئی ہے اور ذرائع روزگار کم ہیں ۔ حالات سے تنگ آ کر لوگ خودکُشیاں کر رہے ہیں “

“ہم نے عوام کی سہولت کیلئے انڈر پاس بنائے ہیں”

“وہ کراچی میں کلفٹن والا انڈر پاس جس میں پانی بھر گیا تھا یا وہ راولپنڈی والا جس کے بننے سے پہلے محلہ چوہدری وارث سے لیاقت باغ 10 منٹ میں پہنچتے تھے اور انڈر پاس میں سے گذر کر 20 منٹ میں پہنچتے ہیں کیونکہ کل راستہ پہلے سے تنگ ہوگیا ہے یا اسلام آباد کا انڈر پاس جو 2005 میں مکمل ہونا تھا اور ابھی بن رہا ہے اور ایک وزیر کے پلازہ کی خوبصورتی کو بچانے کیلئے اس کو موجودہ سڑک سے دور بنایا جا رہا ہے ۔ نتیجتاً خرچہ 245 کی بجائے 490 ملین روپے ہو گیا ہے ؟”

“ہم دنیا کی سب سے اُونچی عمارت بنائیں گے”

” کیا آپ نے کراچی کی 15 منزلہ عمارت میں آگ لگنے کا حال نہیں سنا کہ اُوپر کی 5 منزلیں جلتی رہیں اور فائر بریگیڈ والے حسرت سے دیکھتے رہے کہ ان کے پاس بلند جگہ میں لگی آگ بجھانے کا بندوبست نہ تھا ؟ یا اسلام آباد کے اس پلازہ کا ذکر ہے جس میں ہوٹل سنیما اور امیر و کبیر لوگوں کیلئے شاپنگ سنٹر بنیں گے اور جو رہائشی علاقہ اور ہسپتال کے درمیان بنایا جا رہا ہے جس کے خلاف ہسپتال کے سربراہ اور علاقہ کے رہنے والے سخت احتجاج کر رہے ہیں “

“تم لوگ تو اُلٹی بات کرتے ہو ۔ ہم تو اس عالی شان عمارت کی بات کر رہے ہیں جو کراچی کے پاس جزیرے پر بنے گی”

“اچھا اچھا وہ جزیرہ جہاں سے غریب پاکستانیوں کو زبردستی نکال کر جزیرہ غیر ملکیوں کو بیچ دیا گیا ہے”

ہوا یوں کہ ۔ ۔ ۔

میں نے بلاگرز کو 3 مارچ کو مطلع کیا تھا کہ پی ٹی اے نے کچھ اور ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حُکم دیا اور پی ٹی سی ایل نے متعلقہ ساری ڈومینز بلاک کر دیں ۔ یہ واردات 2 مارچ کو ہوئی تھی ۔ اس کے نتیجہ میں سینکڑوں ویب سائٹس بلاک ہو گئیں اور بہت سی تجارتی کمپنیوں کے کام میں خلل آیا ۔ آئی ایس پیز کو بھی خسارہ کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ والیوم بیس پر چارج کرتے ہیں ۔ یہ خبر 4 مارچ کے دی نیوز میں چھپی تھی ۔

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے آئی ایس پیز کے پیچھے پڑ گئے اور آئی ایس پیز کے مالکان پی ٹی اے کے پیچھے پڑ گئے ۔ جس کے نتیجہ میں بلاکنگ کا کام جو ابھی مکمل بھی نہ ہو سکا تھا 4 مارچ کو ختم کر کے بلاکنگ ختم کر دی گئی ۔ اس کا فائدہ یہ ہوا کہ 4 مارچ سے بلاگسپاٹ کے بلاگ بھی کھُلنے لگے ۔ اللہ کرے پی ٹی سی ایل والوں کا دماغ پھر سے نہ پھر جائے ۔

مجھے ناپسند ہے

ایک شخص نے مجھے مجبور کیا ہے کہ میں اُن 10 عوامل یا اشیاء کا ذکر کروں جو مجھے نا پسند ہیں ۔
1 ۔ کسی کو اس نام سے پُکارنا جو اُس شخص نے اپنا نام رکھا ہوا ہے جس نے مجھے یہ لکھنے پر مجبور کیا ہے
2 ۔ کسی کو توُ کہہ کر مخاطب کرنا
3 ۔ کسی کو بغیر مصدقہ ثبوت کے بُرا کہنا
4 ۔ کسی کو حقیر جاننا
5 ۔ کسی کو وضاحت کا موقع دیئے بغیر قصوروار ٹھیرانا
6 ۔ کسی عبادت گاہ یا مقدس کتاب کی بے حُرمتی کرنا
7 ۔ عورت یا لڑکی پر آواز کسنا
8 ۔ کسی غریب یا بے کس کا مذاق اُڑانا
9 ۔ کھانا کھانا جبکہ قریب بھوکا شخص ہو اور اسے پہلے کھانا نہ دیا جائے
10 ۔ پیٹھ پیچھے کسی کی بُرائی کرنا جسے غیبت کہتے ہیں

میری درخواست ہے مندرجہ ذیل خاتون و حضرات سے کہ وہ اپنی نفرت آمیز عوامل و اشیاء کے متعلق اپنی رائے کا اظہار فرمائیں ۔

 منیر احمد طاہر صاحب

اسماء صاحبہ

اظہرالحق صاحب

باذوق صاحب

شراب نوشی ۔ اسلام اور ہماری حکومت

آج کل قومی اسمبلی ۔ اخبارات اور ٹی وی سٹیشنوں پر شراب نوشی زیرِ بحث ہے اور ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے شراب نوشی کو اللہ نے حرام قرار نہیں دیا ۔ عجب استدال اور مافوق الفطرت دلائل دیئے جا رہے ہیں ۔ اس سے قبل بدکاری کیلئے اللہ کی مقرر کردہ حدود کے خلاف تحفظِ حقوق نسواں کے نام سے قانون بنا کر بدکاروں کو کھُلی چھٹی دی جا چُکی ہے ۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے حکمران ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت ہماری قوم کو بے دین بنانے میں کوشاں ہیں ۔

اسلام سے قبل شراب ایک عام مشروب تھا ۔ لوگ اس کے عادی تھے پھر بھی ایسے لوگ موجود تھے جو شراب پینے کو بُرا سمجھتے ہوئے شراب نوشی نہیں کرتے تھے ۔ مدینہ منوّرہ کو ہجرت کر جانے کے بعد عمر ابن الخطاب رضی اللہ عنہ کی قیادت میں شراب نوشی نہ کرنے والوں کا ایک وفد شراب نوشی کی ممانعت کی سفارش کرنے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کی خدمت میں حاضر ہوا ۔ اُس کے کچھ عرصہ بعد یہ آیت اُتری ۔

سُورت 2 ۔ الْبَقَرَہ ۔ آیت 219 ۔ يَسْأَلُونَكَ عَنِ الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ قُلْ فِيھِمَا إِثْمٌ كَبِيرٌ وَمَنَافِعُ لِلنَّاسِ وَإِثْمُھُمَآ أَكْبَرُ مِن نَّفْعِھِمَا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ كَذَلِكَ يُبيِّنُ اللّہُ لَكُمُ الْآيَاتِ لَعَلَّكُمْ تَتَفَكَّرُونَ

ترجمہ ۔ آپ سے شراب اور جوئے کی نسبت سوال کرتے ہیں، فرما دیں: ان دونوں میں بڑا گناہ ہے اور لوگوں کے لئے کچھ (دنیاوی) فائدے بھی ہیں مگر ان دونوں کا گناہ ان کے نفع سے بڑھ کر ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اسی طرح اﷲ تمہارے لئے (اپنے) احکام کھول کر بیان فرماتا ہے تاکہ تم غور و فکر کرو

مسلمانوں میں سے کئی نے بڑا گناہ قرار دیئے جانے کے بعد شراب نوشی ترک کر دی ۔ چونکہ کھُلے الفاظ میں شراب نوشی کی ممانعت نہ کی گئی تھی اسلئے کچھ مسلمان شراب نوشی کرتے رہے اور نشہ میں مسجد جانے کے واقعات ہوئے ۔ بعد میں غالباً 4 ہجری کے شروع میں مندرجہ ذیل آیت اُتری ۔

سُورت 4 النِّسَآء ۔ آیت 43 ۔ يَا أَيُّھَا الَّذِينَ آمَنُواْ لاَ تَقْرَبُواْ الصَّلاَةَ وَأَنتُمْ سُكَارَى حَتَّی تَعْلَمُواْ مَا تَقُولُون

ترجمہ ۔ اے ایمان والو! تم نشہ کی حالت میں نماز کے قریب مت جاؤ یہاں تک کہ تم وہ بات سمجھنے لگو جو کہتے ہو

مندرجہ بالا حُکم کے نتیجہ میں زیادہ تر مسلمانوں نے شراب نوشی ترک کر دی لیکن کچھ اس طرح اوقات بدل کر شراب نوشی کرتے رہے تا کہ نماز کے وقت تک نشہ ختم ہو جائے ۔ کچھ عرصہ بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ایک خطبہ میں لوگوں کو متنبہ فرمایا کہ اللہ تعالٰی کو شراب سخت ناپسند ہے ۔ بعید نہیں کہ اس کی قطعی حُرمت کا حُکم آجائےلہٰذا جن جن لوگوں کے پاس شراب موجود ہو وہ اسے فروخت کر دیں ۔ اس کے کچھ مدت بعد مندرجہ ذیل آیت نازل ہوئی

يَا أَيُّھَا الَّذِينَ آمَنُواْ إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلاَمُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوہُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ

ترجمہ ۔ اے ایمان والو! بیشک شراب اور جُوا اور [عبادت کے لئے] نصب کئے گئے بُت اور [قسمت معلوم کرنے کے لئے] فال کے تیر [سب] ناپاک شیطانی کام ہیں۔ سو تم ان سے [کلیتاً] پرہیز کرو تاکہ تم فلاح پا جاؤ

اس کے فوراً بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اعلان کرایا کہ اب جن کے پاس شراب ہے وہ نہ اسے پی سکتے ہیں نہ بیچ سکتے ہیں بلکہ وہ اسے ضائع کر دیں چنانچہ اُسی وقت مدینہ کی گلیوں میں شراب بہا دی گئی ۔ بعض لوگوں نے پوچھا کہ ہم یہودیوں کو تحفہ کیوں نہ دے دیں ؟ آپ نے فرمایا جس نے یہ چیز حرام کی ہے اس نے تحفہ دینے سے بھی منع کر دیا ہے ۔کچھ نے پوچھا کہ ہم شراب کو سرکہ میں کیوں نہ تبدیل کرلیں ؟ آپ نے اس سے بھی منع فرمایا اور حُکم دیا کہ اسے بہا دو ۔ ایک شخص نے پوچھا کہ کیا دوا کے طور پر استعمال کی اجازت ہے ؟ آپ نے فرمایا کہ نہیں وہ دوا نہیں بلکہ بیماری ہے ۔

ابن عمر رضی اللہ عنہ کی روائت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا ” اللہ تعالٰی نے لعنت فرمائی ہے شراب پر اور اسکے پینے والے پر اور پلانے والے پر اور بیچنے والے پر اور خریدنے والے پر اور کشید کرنے والے پر اور کشید کرانے والے پر اور ڈھو کر لیجانے والے پر اور اس شخص پر جس کیلئے وہ ڈھو کر لیجائی گئی ہو” ۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے زمانہ میں جو شراب پینے والا گرفتار ہو کر آتا اسے جوتے ۔ لات ۔ مُکے ۔ بل دی ہوئی چادر کے سونٹے ۔ یا کھجور کے سونٹے مارے جاتے تھے ۔ زیادہ سے زیادہ 40 ضربیں لگائی جاتیں ۔