Yearly Archives: 2007

تعليم ۔ انگريزی اور ترقی

ہمارے اربابِ اختيار انگريزی دانی پر تُلے رہتے ہيں ۔ اُن کا کہنا ہے کہ انگريزی کے بغير ترقی نہيں ہو سکتی ۔ ہم لوگ “اپنے ملک پر انگریزوں کے قبضہ سے پہلے کے نظام” کو کوستے اور “ہمارے لئے انگریزوں کے قائم کردہ تعلیمی نظام” کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے ۔ ملاحظہ ہو ایک تاریخی حقیقت جو شائد صرف چند ایک پاکستانیوں کے علم میں ہو گی ۔ لیکن پہلے ایک لطیفہ ۔ ايک اَن پڑھ ديہاتی کے بيٹے لندن ميں آباد ہو گئے ۔ جب اُن کا کاروبار چل پڑا تو اُنہوں نے اپنے والد صاحب کو بُلا کر برطانيہ کی سير کرائی ۔ چار ماہ بعد جب وہ واپس گاؤں پہنچے تو گاؤں کے لوگ ان سے ملنے آئے ۔ ايک نے کہا “سنا ہے برطانيہ کے لوگ بہت ترقی کر گئے ہيں”۔ برطانيہ پلٹ ديہاتی نے فوراً کہا ” ترقی ؟ ایسی ترقی کی ہے اُنہوں نے کہ اُن کا بچہ بچہ انگريزی بولتا ہے”۔

ہندوستان کے گورنر جنرل کی کونسل کے پہلے رُکن برائے قانون لارڈ میکالے [Lord Macaulay] کے برطانیہ کی پارلیمنٹ کو 2 فروری 1835 عیسوی کے خطاب سے اقتباس ۔

“I have traveled across the length and breadth of India and I have not seen one person who is a beggar, who is a thief, such wealth I have seen in this country, such high moral values, people of such caliber that I don’t think we would ever conquer this country unless we break the very backbone of this nation which is her spiritual and cultural heritage and, therefore, I propose that we replace her old and ancient education system, her culture, for if the Indians think that all that is foreign and English is good and greater than their own, they will lose their self-esteem, their native culture and they will become what we want them, a truly dominated nation”.

ميں نے ٹيکنيکل کالج اور يونيورسٹی ميں انجنيئرنگ کے مضامين پڑھائے ہيں ۔ اس کے علاوہ انگريزی بھی پڑھائی ہے ۔ ميری پوری کوشش ہوتی تھی کہ جو بات طلباء کو سمجھ نہ آئے وہ انگريزی ہی ميں سمجھاؤں ۔ ليکن صورتِ حال يہ تھی کہ کئی طلباء امتحان ميں پرچہ تو صحيح حل کر ليتے تھے مگر ان سے پوچھا جائے تو پتہ چلتا کہ بات ان کو سمجھ نہيں آئی ۔ آخرِ کار مجھے اُنہيں اُردو ميں سمجھانا پڑتا ۔ اصل بات يہ ہے کہ قصور طلباء کا نہيں ۔ کوئی بھی طالب عِلم فطری طور پر صحيح سمجھ اور بہترين اظہار صرف اپنی زبان ميں ہی کر سکتا ہے ۔

ميں نے ميٹرک تک سائنس اور رياضی اردو ميں پڑھے ۔ اس کے بعد سب کچھ انگريزی ميں پڑھا ۔ اُردو بطور زبان ميں نے پہلی سے آٹھويں جماعت تک پڑھی تھی اور انگريزی بطور زبان پہلی سے بارہويں جماعت تک ۔ میں نے اردو اور انگريزی کو اچھی طرح پڑھا تھا چنانچہ مجھے ميٹرک کے بعد سب کچھ انگريزی ميں پڑھنے ميں خاص مشکل پيش نہ آئی ۔

اگر ترقی انگريزی پڑھنے سے ہو سکتی ہے تو پھر جرمنی ۔ فرانس ۔ چين ۔ جاپان ۔ ملائشيا وغيرہ نے کيسے ترقی کی وہاں تو ساری تعليم ہی ان کی اپنی زبانوں ميں ہے ۔ بارہويں جماعت ميں ہمارے ساتھ پانچ لڑکے ايسے تھے جو کہ خالص انگريزی سکول سينٹ ميری [Saint Marry] ميں پڑھ کے آئے تھے ۔ ان ميں سے تين لڑکے بارہويں کے امتحان ميں فيل ہوگئے ۔ اور باقی دو بھی انجنيئرنگ يا ميڈيکل کالج ميں داخلہ نہ لے سکے ۔ جب کہ ہمارے کالج کے اُردو ميڈيم والے 12 لڑکوں کو انجنيئرنگ کالجوں ميں داخلہ ملا ۔ ميڈيکل کالجوں ميں بھی ہمارے کالج کے کئی لڑکوں اور لڑکيوں کو داخلہ ملا جو سب اُردو میڈیم کے پڑھے ہوئے تھے ۔

ہماری قوم کی پسماندگی کا اصل سبب ہر دوسرے تيسرے سال بدلتے ہوئے نظامِ تعليم کے علاوہ تعليم کا انتہائی قليل بجٹ اور ہمارے ہاں اساتذہ کی تنخواہيں باقی سب اداروں سے شرمناک حد تک کم ہونا ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دور ميں سوائے غیر ملکی ملکیت میں چلنے والے تعلیمی اداروں کے سب تعليمی ادارے قوميا کر ان ميں سياست کی پنيری لگا دی گئی اور ملک ميں تعليم کا تنزل تیزتر ہو گيا ۔ پھر انگريزی اور بين الاقوامی معيار کے نام پر مہنگے تعليمی ادارے بننا شروع ہوئے ۔ ہماری موجودہ حکومت نے تو ثابت کر ديا ہے کہ اچھی تعليم حاصل کرنا صرف کروڑ پتی لوگوں کی اولاد کا حق ہے ۔ اور عوام کی تعليم کو ایک ميٹرک پاس ريٹائرڈ جرنيل کے رحم و کرم پر چھوڑ ديا گيا ہے جس نے پریس کانفرنس میں کہا “ہم اسلامیات کو سلیبس سے نہیں نکال رہے ۔ ہم سکولوں میں قرآن شریف کے پورے 40 سپارے پڑھائیں گے” ۔ ایک صحافی نے سوچا کہ شائد غلطی سے زبان سے 40 نکل گیا ہے اور تصدیق چاہی تو وزیرِ تعلیم نے پھر کہا “ہاں ۔ 40 سپارے”۔

بدلتے دل ۔ سانحہ کراچی

دل کو بدلنا آسان کام نہیں لیکن کوئی ایک چھوٹا یا بڑا حادثہ کبھی ایک دل کو اور کبھی بہت سے دلوں کو بدل کے رکھ دیتا ۔ سُنا ۔ پڑھا اور میری زندگی کا تجربہ بھی ہے کہ اللہ جو کرتا ہے بہتر کرتا ہے اسلئے انسان کو ہر چیز یا عمل میں بہتر پہلو کو تلاش کرنا چاہیئے ۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے 9 مارچ سے شروع ہونے والے ہفتہ میں ایسی حماقتیں کیں جن سے سب پریشان ہوئے لیکن ان حماقتوں نے اُس تحریک کو جنم دے دیا جو حزبِ مخالف چلانے میں ناکام رہی تھی ۔ اللہ اس تحریک کو جلد کامیابی سے ہمکنار کرے اور ہمارے وطن میں عوام کا خیال رکھنے والی مضبوط جمہوریت قائم ہو جائے ۔ اور ڈکٹیٹر شپ سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خلاصی ہو جائے ۔

12 مئی کو جو کچھ کراچی میں ہوا وہ کراچی والوں سے بہتر کون جانتا ہے ؟ اس کا اچھا پہلو جو میرے علم میں آیا ہے وہ یہ ہے کہ ایم کیو ایم کے جانثار خاندانوں کی نئی نسل جس کو 10 مئی تک “قائد صرف ایک [الطاف حسین]” اور “جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے” کے علاوہ کچھ سوجھتا ہی نہ تھا اُس نوجوان نسل کے کئی ارکان کے دل 11 اور 12 مئی کے واقعات نے بدل کے رکھ دیئے ہیں ۔

ایک پڑھا لکھا نوجوان جو ایم کیو ایم کے علاقہ کا باسی ہے اور جس کا خاندان الطاف حسین کے جان نثاروں میں شامل ہے ۔ جس کے چچا نے 12 سال قبل الطاف حسین کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا تھا اور اس کو سلام آج بھی اس کے محلے میں ہر طرف لکھا ہوا ہے ۔ اُس نوجوان نے 11 مئی کو دیکھا کہ ایئرپورٹ کو جانے والے تمام راستوں پر ٹرالر ٹرک ۔ ٹینکر اور بسیں کھڑی کر کے ان کے ٹائروں میں سے ہوا نکال دی گئی ہے ۔ پھر شام کو اس نے دیکھا کہ خود کار ہتھیاروں سے لیس جوانوں نے مورچے سنبھال لئے ہیں اور کچھ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ 12 مئی کو ہسپتالوں میں چلے جائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی ایسا شخص طِبّی امداد نہ لینے پائے جو ایم کیو ایم کا نہ ہو ۔

دوسرے دن یعنی 12 مئی کو صبح 10 بجے اس نے ڈرگ روڈ اسٹیشن کے قریب دیکھا کہ اس کے ساتھی ریپیٹر اور کلاشِن کوف قسم کے خود کار ہتھیار خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کی ایمبولینس میں بھر کر لے جا رہے ہیں ۔ اس نے دیکھا کہ شاہراہ فیصل سب کیلئے بند ہے مگر ایم کیو ایم کے جوان ہتھیار لئے آزادی سے گھوم رہے ہیں ۔پھر اس نے دیکھا کہ ایک جوان شخص گِڑگڑا کر التجائیں کر رہا ہے کہ مجھے جانے دو ۔ وہ اپنے بچے کی لاش ہسپتال سے گھر لے کر جا رہا تھا ۔ وہ کہہ رہا تھا خدا کیلئے مجھے جانے دو تا کہ میں اپنے اس معصوم بچے کے کفن دفن کا بندوبست کر سکوں ۔ ایک لمحہ آیا کہ ایم کیو ایم کے اس پڑھے لکھے نوجوان کے جسم نے ہلکی سی جھرجھری لی اور وہ وہاں سے چلا گیا ۔ 12 بجے کے قریب پہلی فارنگ ہوئی اور وہ خلافِ معمول گھر چلا گیا اور ٹی وی لگا کر بیٹھ گیا ۔ کچھ دیر بعد اُس کے دل نے اچانک اس کی ملامت شروع کردی کہ آج تک تیرا خاندان جو دلیری دکھاتا رہا وہ دراصل ایک مجبوری اور ضرورت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی درندگی تھی ۔ اُس نے فیصلہ کیا کہ اب وہ اپنے آپ کو مزید دھوکہ نہیں دے گا جس کیلئے اس کے چچا نے جان دی تھی وہ انسان نہیں درندہ ہے ۔ وہ قاتلوں کا قائد ہے مہاجروں کا نہیں ۔ رات تک اس کو معلوم ہو چکا تھا کہ مرنے والے پختونوں کے علاوہ سب اُس کی طرح مہاجروں کے بچے ہیں جن کا قصور یہ ہے کہ وہ الطاف حسین کی درندگی کی حمائت نہیں کرتے ۔

یہ کہانی یا افسانہ نہیں حقیقت ہے ۔ یہ ایم کیو ایم کے گڑھ میں رہنے والے صرف ایک نوجوان کی آپ بیتی ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ ایسے کئی اور پڑھے لکھے نوجوان ہوں گے جو اس پراگندہ ماحول اور خونی سیاست سے تنگ آ کر 12 مئی کو تائب ہوئے ہوں گے لیکن وہ اس کا برملا اظہار کرتے ہوئے شائد ڈر رہے ہوں مگر اس نوجوان نے اپنی دلیری کا رُخ بدلتے ہوئے نہ صرف ایم کیو ایم کے لیڈران کو تحریری طور پر اپنے دل کی تبدیلی کی اطلاع کر دی ہے بلکہ الطاف حسین کو 12 مئی کے قتلِ عام کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ اس نوجوان ۔ اس جسے دوسرے جوانوں اور اُن کے اہلِ خانہ کو اپنی حفظ و امان میں رکھے ۔ میری محبِ وطن قارئین سے بھی التماس ہے کہ وہ بھی اُن کے لئے خصوصی دعا کریں ۔

خدا کیا ہے ؟ کا جواب

ایک صاحب [جنہوں نے کئی بار درخواست کرنے پر بھی مجھے اپنا نام نہیں بتایا] نے پوچھا ہے “خدا کیا ہے ؟” یعنی اللہ کیا ہے ؟ میرا جواب چونکہ طویل ہے اور اپنی زندگی کے تجربات پر مبنی ہے اسلئے میں جواب اپنے روزنامچہ میں لکھ رہا ہوں ۔ اُن صاحب سے معذرت کے ساتھ ۔

ایک نظم میں نے ساتویں جماعت میں پڑھی تھی آج سے ستاون سال پہلے ۔ اس وقت اتنے ہی مصرعے دماغ میں آئے ہیں

خدا پوچھے گا
بتا اے خاک کے پتلے کہ دنیا میں کیا کیا ہے
بتا کہ دانت ہیں منہ میں تیرے کھایا پیا کیا ہے
بتا کہ خیرات کیا کی راہِ مولا میں دیا کیا ہے
بتا کہ عاقبت کے واسطے توشہ لیا کیا ہے

اللہ کیا ہے ؟ جس دن مجھے صحیح پتہ چل جائے گا اُس دن سے میں بہترین انسانوں میں سے ہوں گا اور مجھے دنیا کی کسی چیز کا ڈر رہے گا نہ ہوّس ۔

رہی میری عقل اور عملی زندگی تو میں نے اللہ کو ہمیشہ اپنے اتنا قریب پایا ہے کہ اس سے زیادہ قریب اور کوئی شے نہیں ہو سکتی ۔ 1947ء میں پاکستان بننے کے بعد میں اور میری دونوں بہنیں سرحد پار گھر والوں سے بچھڑ گئے ۔ اُن کے 6 ہفتے بعد ہم بچوں کا بحفاظت پاکستان پہنچ جانا معجزہ سے کم نہ تھا اور یہ صرف اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی ہی کر سکتا ہے ۔ ان چھ ہفتوں میں ہمارے غم میں ہماے بزرگ اپنے حواس تقریباً کھو چکے تھے ۔

سال 1951ء میں بائیسائکل پر ناشتہ کا سامان لینے جا رہا تھا ۔ بائیسائیکل فُل سائیز تھا اور میری ٹانگیں چھوٹی تھیں ۔ صبح کا وقت تھا ابھی سورج نہ نکلا تھا ۔ سڑکیں خالی تھیں ۔ اچانک پیچھے سے گھوڑے دوڑنے کی آوازیں آئیں ۔ کئی ٹانگے دوڑ لگاتے ہوئے سرپٹ بھاگتے آ رہے تھے ۔ ایک ٹانگہ میری بائیں جانب سے بالکل قریب سے گذرا ۔ فوراً ہی ایک داہنی جانب اتنا قریب سے گذرا کہ اسکا پہیہ میرے بائیسائیکل کو شدید ٹکر مارتا ہوا نکل گیا ۔ میں بائیسائیکل سمیت زمین پر گرا اور کیا دیکھتا ہوں کہ ایک اور ٹانگہ تیز بھاگتا آ رہا ہے اور اس کا پہیہ میری گردن کے اوپر سے گذرنے والا ہے ۔ اچانک میرے اللہ نے میرے بائیسائیکل کو حرکت دی اور میرا سر گھوم کر ایک طرف ہو گیا اور پہیہ میرے سر کے بالوں کو چھُوتا ہوا گذر گیا ۔ یہ منظر ایک راہگیر بھی دیکھ رہا تھا وہ بھونچکا رہ گیا اور چند منٹ بعد مجھے زمین سے اُٹھا کر اپنے سینے سے لگا لیا اور میرے کان میں کہا “بیٹا ۔ گھر جاتے ہی کچھ اللہ کے نام پر دینا ۔ آج اللہ نے خود تمہیں پہیئے کے نیچے سے کھیچ لیا” ۔

اگست 1964ء میں ایک ٹریفک کے حادثہ کے بعد میں موت کے قریب تھا پھر موت طاری ہونے لگی ۔ اردگرد کھڑے لوگوں نے کلمہ طیّبہ بآواز بلند پڑھنا شروع کر دیا لیکن کچھ دیر بعد جب جمع لوگوں کے مطابق میں مر چکا تھا میرے سوہنے اللہ نے مجھے اُٹھا کر بٹھا دیا ۔

دسمبر 1964ء میں مجھے بیہوشی کی حالت میں ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ۔ میرے جسم کے اندر کوئی خون کی نالی یا نالیاں پھٹ جانے سے دو دن میں میرا اتنا خون بہہ گیا تھا کہ ہیموگلوبن 14 سے کم ہو کر 7 گرام رہ گئی تھی ۔ ڈاکٹر میری زندگی سے نا اُمید ہو گئے تھے ۔ لیکن اللہ اُن پر مسکرا رہے تھے کہ “اے بندو ۔ تمہاری زندگی اور موت میرے ہاتھ میں ہے ۔ 84 گھنٹے میں بیہوش رہا اس کے بعد 10 دن بستر سے سر بھی نہ اُٹھا سکا ۔ اور صرف 30 دن دفتر سے غیرحاضر رہنے کے بعد اللہ کی مہربانی سے کام میں ہمہ تن گوش ہو گیا کہ گویا کچھ ہوا ہی نہ تھا ۔

میں نے جون 1965ء میں ڈوبتے ہوئے ایک بچے کو بچانے کیلئے تیرنا نہ جانتے ہوئے دل میں کہا “یا اللہ اس بچے کو بچا” اور 15 فٹ گہرے پانی میں چھلانگ لگا دی ۔ میرے پیارے اللہ نے مجھے تیرا کر باہر نکال لیا اور بچے کو بھی بچا دیا ۔

اللہ ہی اللہ کیا کرو اور دُکھ نہ کسی کو دیا کرو

سندھ حکومت کی دریا دِلی

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری کی 12 مئی کو کراچی آمد کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی طرف سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پولیس نے اکھاڑ دیئے ہیں ۔ یہ کیمپ جماعت اسلامی، پاکستان پیپلز پارٹی اور لیبر پارٹی کی جانب سے لگائے گئے تھے ۔

ذمہ دار کون ہو گا ؟

پانچ اور چھ مئی کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو اسلام آباد تا لاہور جی ٹی روڈ پر پچیس گھنٹے کے سفر میں جس انداز کی عوامی پذیرائی ملی اس کے نتیجے میں مشرف حکومت اور اتحادی جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ اور ایم کیو ایم کو غالباً یہ فرض سونپا گیا ہے کہ وہ اب کھل کے سامنے آئیں اور چیف جسٹس کے حق میں امڈنے والی لہر کو روکنے کے لیے پوری طاقت اور وسائل بروئے کار لائیں۔
سرکاری وکلاء نے نہ صرف عدالت کے اندر جارحانہ رویہ اختیار کر لیا ہے بلکہ مظاہرے کا جواب مظاہرے سے اور جلسے کا جواب جلسے سے دینے کی حکمتِ عملی پر بھی عمل شروع ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اردو میں شائع ہونے والے بڑے قومی اخبارات میں پہلے اور آخری صفحے پر سات مئی سے ایم کیو ایم لیگل ایڈ کمیٹی کے علاوہ عدلیہ تحفظ کمیٹی اور غیر جانبدار وکلاء کے نام سے چوتھائی صفحے کے اشتہارات شائع کرائے جا رہے ہیں۔

اس بات کا امکان کم ہے کہ یہ اشتہارات انفرادی سطح پر شائع کیے جا رہے ہوں کیونکہ فرنٹ پیج پر چوتھائی اشتہار کا نرخ ایک اخبار میں آٹھ لاکھ روپے اور دوسرے اخبار میں دو لاکھ ساٹھ ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔ جبکہ بیک پیج کا نرخ ایک اخبار میں سوا پانچ لاکھ روپے اور دوسرے اخبار میں ایک لاکھ اسی ہزار روپے ہے اور روزانہ دو بڑے اخبارات میں اتنی قیمت کے اشتہار شائع کروانا کسی ایک فرد کے لیے خاصا مشکل ہے۔

عدلیہ تحفظ کمیٹی کے اشتہار کا لبِ لباب یہ ہے کہ چیف جسٹس نادانستہ طور پر اعتزاز احسن، منیر ملک، رشید رضوی اور حامد خان جیسے وکلاء کے ذریعے بے نظیر بھٹو کے لیے استعمال ہورہے ہیں جن کی حکومت سے ڈیل ہورہی ہے۔ غیر جانبدار وکلاء کے نام سے جو اشتہارات شائع کرائے جا رہے ہیں ان میں چیف جسٹس سے پوچھا گیا ہے کہ جو سیاستدان اس وقت آپ کے ہاتھ چوم رہے ہیں اور جو وکلاء آپ کا مقدمہ لڑ رہے ہیں یا جو وکلاء آپ کے مخالف فریق کی جانب سے پیش ہورہے ہیں۔اگر ان میں سے کسی کا مقدمہ آئندہ آپ کی عدالت میں آتا ہے تو بحیثیت انسان اور جج کیا آپ انصاف کر پائیں گے۔

ایم کیو ایم لیگل ایڈ کمیٹی کے نام سے شائع ہونےوالے تفصیلی اشتہار میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کے نام پر سیاست اور عدالتی بائیکاٹ کے نتیجے میں لاکھوں سائلوں پر انصاف کے دروازے بند ہو چکے ہیں لہٰذا یہ کھیل بند کیا جائے اور عدالت کی بات عدالت میں ہی کی جائے۔
اخباری اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ق) نے اسلام آباد میں بارہ مئی کو لاکھوں افراد جمع کرنے کے لیے پارٹی اور حکومت کے تمام ضروری وسائل استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امکان ہے کہ صدر مشرف بھی ریلی سے خطاب کریں گے۔جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اعلان کیا ہے کہ بارہ مئی کو کراچی کی سڑکیں ان کے حامیوں سے بھر جائیں گی۔ چیف جسٹس کی حامی وکلاء قیادت تو پہلے ہی کراچی میں چیف جسٹس کے استقبال کے شیڈول اور جلوس کے روٹ کا اعلان کر چکی ہے۔

مبصرین خدشہ ظاہر کررہے ہیں اگر اس موقع پر کوئی فریق اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے سے باز نہیں آتا اور بلا لچک رویے کے نتیجے میں تصادم ہوتا ہے تو پھر حکومت کو ایمرجنسی نافذ کرنے اور بنیادی حقوق معطل کرنے کا جواز ہاتھ آ سکتا ہے۔اس کے بعد کیا ہوتا ہے یہ یا تو رب جانے یا مشرف جانے۔

بی بی سی اُردو سروس

کراچی کیا لاہور کیا

کراچی میں کسی کو پستول دکھا کر موبائل فون چھین لیا جائے تو کوئی خبر نہیں ہوتی ۔ کراچی میں میٹرو بس میں سفر کرتے ہوئے میرے بھتیجے کا دو سال میں دو بار موبائل فون چھینا جا چکا ہے ۔ کراچی میں کوئی دن نہیں ہوتا جب کم از کم 50 موبائل فون نہ چھینے جائیں ۔ اب یہ وباء پنجاب میں بھی پھیل رہی ہے ۔ پچھلے سال میرے ایک بھانجے کو موٹر سائیکل سوار نے دھکا دیا وہ زمین پر گرا اور اس کا موبائل ہاتھ سے گر گیا جو موٹر سائیکل سوار لے گیا ۔ آج صبح لاہور میں میرا ایک اور بھانجا جو پیتھالوجسٹ ہے اتفاق ہسپتال اپنی ڈیوٹی کیلئے پہنچا ۔ کار پارک کر کے چلا ہی تھا کہ ایک موٹر سائیکل سوار نے پستول کنپٹی پر رکھ کر کہا “موبائل اور جو کچھ ہے نکال دو” اور بیش قیمت موبائل فون اور بٹوا لے کر چلا گیا ۔ لاء اینڈ آرڈر حکومت کے کنٹرول میں ہونے کے باعث بے کار ہو چکا ہے ۔

مزید وضاحت

 

مسجد الاقصٰی اور مسجد القُبة السّخراء کا درمیانی فاصلہ کوئی 160 میٹر ہو گا ۔ دیکھئے فضاء سے لی گئی  تصویر ۔ مسجد الاقصٰی بائیں جانب کی فصیل کے ساتھ ہے اور مسجد القُبة السّخراء داہنی جانب سنہرے گنبد والی ہے ۔