آج صبح سویرے راولپنڈی میں دو بم دھماکے ہوئے ۔ پہلادھماکہ فیض آباد کے علاقے میں مری روڈ پر آئی ایس آئی کے دفتر کے پاس حسّاس ادارے کی بس پر ہوا ۔ دھماکے کے بعد بس میں آگ لگ گئی اور بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی ۔ اس میں مرنے والوں کی تعداد آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل وحید ارشد نے 15 بتائی ہے جو کہ بہت بڑھ سکتی ہے کیونکہ بس میں 50 سے زائد افراد سوار تھے ۔ متعدد زخمی بتائے گئے ہیں ۔ دوسرا دھماکہ جی ایچ کیو کے قریب فوجی چیک پوسٹ پر ہوا جس میں ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ۔ دھماکے اتنے طاقتور تھے کہ ان کی آواز دور دور تک سنائی دی ۔
دھماکوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے ان علاقوں کو گھیرے میں لے لیا ۔ وقوعہ کی جگہ دونوں طرف قناتیں لگا کر مری روڈ بند کر دی گئی ہے کسی صحافی کو جائے وقوعہ کے قریب نہیں جانے دیا گیا ۔ جی ایچ کیو کے گرد کا علاقہ تو پہلے سے ہی عام آدمی کیلئے ممنوعہ ہے ۔ حملے کی خبر سن کر بڑی تعداد میں صحافی وہاں پہنچ گئے جنہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کا سامان بھی چھینا گیا۔