Monthly Archives: January 2007

کسوٹی

عُنوان ميں لکھا لفظ اب کسَوٹی بولا جاتا ہے ۔ فيروزاللغات ميں بھی اسے کسَوٹی لکھا جا چکا ہے گو ترجمہ صحيح کيا گيا ہے ۔ يہ ايک چھوٹا سا پتھر يعنی وَٹی ہوتا ہے جس پر سُنار جنہيں آجکل سَنيارے کہا جاتا ہے سونا گھِس کر اس کا کَھرا ہونا پرکھتے ہيں ۔ چنانچہ اس کا نام کَس وَ ٹی تھا ۔ خير آمدن برسرِمطلب ۔ آج اپنے مسلمان ہونے کے عمل کو کَسوَ ٹی پر پرکھتے ہيں .

يہ صدا عام ہے کہ مسلمان کيوں ہر طرف ذليل ہو رہا ہے ؟ کچھ لوگ دين اسلام کو ہی ناقابلِ عمل قرار دينے لگ گئے ہيں ۔ جبکہ حقيقت يہ ہے کہ اسلام ميں کوئی خامی نہيں ہے ۔ آج کا مسلمان اس وجہ سے ذليل و خوار ہے کہ وہ دين اسلام پر عمل ہی نہيں کرتا ۔

ہم لوگ جو اپنے آپ کو مُسلمان کہتے ہيں اگر ہر ماہ کی پہلی تاريخ کو گذشتہ ماہ کے اپنے عمل پر غور کريں تو معلوم ہو گا کہ محظ شغل اور بھولپن ميں ہم اللہ کے واضح احکام کی کھُلے عام خلاف ورزی کرتے ہيں ۔

صرف چند مثاليں:

کار فنانسنگ جسے کار لِيزنگ کا نام ديا گيا ہے ۔ يہ سود کا کاروبار ہے جس ميں اپنی شان بنانے کی خاطر لوگ شامل ہوتے جا رہے ہيں ۔

ساڑھے سات ہزار روپے کا انعامی بانڈ خريديئے اور ايک کروڑ روپے انعام پايئے ۔ وغيرہ ۔ يہ جُواء ہے جو برسرِعام کھيلا جارہا ہے اور گناہ کا احساس نہيں ۔

فلاں تاريخ تک کار خريديئے اور مُفت ٹی وی سيٹ کے علاوہ لکی ڈرا ميں حصہ ليجئے ۔ پہلا انعام ايک کلوگرام سونا ۔ وغيرہ ۔ يہ بھی جُواء ہے جو برسرِعام کھيلا جارہا ہے اور احساسِ گناہ نہيں ۔

ايس ايم ايس کيجئے اور فلاں موبائل سيٹ يا فلاں ہوائی سفر کيلئے ٹکٹ کے ڈرا ميں حصہ ليجئے ۔ ايس ايم ايس کے پچيس روپے جمع ٹيکس ۔ وغيرہ ۔ يہ بھی جُواء ہے جو برسرِعام کھيلا جارہا ہے ۔ کيا يہ گناہ نہيں ؟

اخبارات ميں چند صفحے رنگين ہوتے ہيں جيسے دی نيوز ميں اِن سٹَيپ ۔ اِن صفحات ميں عورتوں کی نيم عُرياں اور جِنسی کشش والی تصاوير ہوتی ہيں جنہيں اخبار بينوں کی اکثريت ديکھتی ہے ۔ يہ فحاشی کا فروغ ہے اور يہ تصاوير چھاپنا اور ديکھنا گناہ ہے جو بلا تکلّف ہو رہا ہے ۔

ٹی وی پر ناچ گانا اور جسم کے خدوخال نماياں کئے يا نيم عُرياں عورتيں روزانہ کا معمول بن چکا ہے ۔ اس کے علاوہ مرد بھی کچھ نہ کچھ حصہ ڈالتے ہيں ۔ يہ فحاشی کا فروغ ہے اور اس ميں ملوّث ہونا گناہ ہے جو کہ کيا اور ديکھا جا رہا ہے ۔

ہماری حکومت نے پرفارمنگ آرٹس کے نام پر پاکستان کی بتيس يونيورسٹيوں کی طالبات کو الحمراء لاہور ميں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی ترغيب دی اور اس شغل ميں قوم کے نام نہاد شرفاء اور جواں سال لڑکياں بھی شامل ہوئيں ۔ ان کے ناچ کی رنگارنگ تصادير اخبارات ميں بھی چھپيں اور ٹی وی پر بھی دکھائی گئی ہونگی ۔ يہ فحاشی کا فروغ اور گناہ ہے مگر سب اسے ديکھ کے خوش ہوتے ہيں اور بلاتکلف گناہ کا ارتکاب کرتے ہيں ۔

کمال تو يہ ہے کہ ناچنے گانے والوں يا واليوں اور مووی فلموں ميں جسم کی نمائش کرنے واليوں نے متعدد بار اپنی کاميابی پر کہا کہ اللہ کی مہربانی سے ميرا شو کامياب رہا ۔گويا ان کی فحاشی کے گناہ ميں کاميابی اللہ کی مہربانی سے ہوئی ۔ نعوذ باللہ من ذالک ۔

دين عمل سے ہے باتوں سے نہيں ۔

وما علينا الالبلاغ

خطبہ حج 2006

اس سال يعنی 9 ذوالحجہ 1427 ہجری بمطابق 29 دسمبر 2006 ميدانِ عرفات ميں امام کعبہ شيخ عبدالعزيز بن عبداللہ الشّيخ کے خطبہ سے اقتباس کا اُردو ترجمہ ۔

روشن خيالی اور سوشلِزم جيسے نعرے اسلام کی روح کے خلاف ہيں ۔ باطل قوتيں آج مسلمان عورتوں کو اپنی روِش پر ڈال کر اسے بے پردہ اور دينی روايات سے دستبردار کرانا چاہتی ہيں ۔ مسلم عورت کو اپنی حفاظت کيلئے اللہ کے مقرر کردہ احکامات ميں ہی پناہ مل سکتی ہے ۔ عالمِ اسلام کشمير ۔ فلسطين اور عراق کے مظلوم مسلمانوں کو آزادی دلانے کيلئے کردار ادا کرے ۔ باطل قوتوں نے مسلمانوں کو صحيح عقيدے سے گمراہ کرنے کيلئے خفيہ تحريکوں کا جال بچھا ديا ۔ ان سازشوں کے ذمہ دار عناصر کو بے نقاب کرنا اُمت کی سياسی قيادت پر لازم ہے ۔ اُمت اسلام کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کيلئے متحد ہو جائے ۔ اُمتِ مسلمہ کو آپس ميں لڑانے کی سازشيں کی جا رہی ہيں ۔ ہميں اپنا اتحاد پارہ پارہ نہيں کرنا چاہيئے ۔

مسلمان اللہ تعالٰی کی بندگی اور اطاعت کا راستہ اختيار کريں ۔ شرک سے بچيں ۔ اتحاد اور يکجہتی مسلم اُمت کی بنيادی ضرورت ہے ۔ نبی کريم صلّ اللہ عليہ و سلّم پوری انسانيت کيلئے حق لے کر آئے ۔ قرآن کا عظيم تحفہ مسلمانوں کو پيش کيا ۔ مسلمان قرآنی احکامات کی روشنی ميں زندگی بسر کريں ۔ حضور صلّ اللہ عليہ و سلّم کی زندگی مسلم اُمت کيلئے مشعلِ راہ ہے ۔ مسلمان صبر و استقامت کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کريں ۔ اللہ تعالٰی کا دين غالب ہونے کيلئے آيا ہے جس کيلئے مسلمانوں کو جدوجہد کرنا ہو گی ۔ اسلام امن اور بھائی چارے کا دين ہے ۔ اسلامی تعليمات پر عمل پيرا ہو کر ہم دنيا اور آخرت کی کاميابی حاصل کر سکتے ہيں ۔ مسلمان نيکی کے کاموں ميں ايک دوسرے کا ساتھ ديں اور گناہ اور ظلم کی باتوں ميں دوسروں کے ساتھ تعاون نہ کريں ۔ قانون سب کيلئے يکساں ہونا چاہيئے ۔ مسلمان فساد سے بچيں ۔ دہشت گردی کی اسلام ميں کوئی گنجائش نہيں ۔ اسلام کا نام ليتے ہوئے شرمانا نہيں چاہيئے ۔ اسلام عظيم دين ہے ۔ اس دين کے ہوتے ہوئے فرقہ واريت اور تعصب کے نعرے ختم ہو جاتے ہيں ۔

دين اسلام کا مستبل روشن ہے ۔ يہ دين قيامت تک رہے گا ۔ اس راہ ميں آنے والی رکاوٹيں ختم ہو جائيں گی ۔ عالمِ اسلام کے نشرياتی اداروں سے وابستہ افراد اسلام کے خلاف پراپيگنڈے کا توڑ کريں ۔ قرآن کے ذريعہ بتايا گيا کہ يہ دين ہر عيب سے پاک ہے ۔ چار نکاح تک جائز ہيں تاکہ تم زنا سے بچ سکو ۔ زنا ايک فحش عمل ہے ۔ اللہ کا حکم ہے کہ کنوارے کيلئے زنا کی سزا کوڑے ہيں اور شادی شدہ زانی کو رجم کيا جائے ۔ چور کے ہاتھ کاٹ دو تاکہ انسانوں کے مالوں کی حفاظت ہو سکے ۔ اللہ نے قصاص مقرر فرمايا اور کہا کہ اس ميں تمہارے لئے زندگی ہے ۔ فساديوں کے ہاتھ پاؤں کاٹنے کا حکم ديا يا انہيں علاقہ بدر کر ديا جائے ۔ اللہ نے حکم ديا کہ مومنون جادو سے بچو اور جادوگر کے پاس نہ جاؤ ۔ اپنے ايمان بچاؤ ۔ اللہ کے نظام کے بغير چين نصيب نہيں ہو سکتا ۔ جتنے بھی ديگر نظام ہيں وہ ہلاکت کی طرف لے جانے والے ہيں ۔ اُمتِ مسلمہ کے عالِمو بيدار ہو جاؤ اور مغربی تہذيب کی يلغار کو شکست دو ۔ دشمن چاہتا ہے کہ اسلامی جوان اپنی شناخت کھو ديں ۔ وہ تمہيں دين سے دور کرنا چاہتا ہے ۔ جو لوگ حق پر ہونگے اللہ انہيں تنہاء نہيں چھوڑے گا ۔ عورتوں کيلئے جہاد ميں ايک فضيلت رکھی ہے اور عورت کيلئے حج ايک جہاد ہے ۔

اللہ ہميں عذابِ جہنم سے بچائے۔ ہماری کمزورياں ختم کر دے ۔ آج ہم تيرے گنہگار بندے کھڑے ہيں ۔ تيری رحمت کے طلبگار ہيں ۔ ہمارے گناہ معاف فرما ۔ تيرے بغير کوئی معبود نہيں ۔ اے اللہ ہمارے حج کو قبول فرما ۔ ہماری خطاؤں کو معاف کر دے ۔ مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق نصيب فرما ۔ ہمارے حکمرانوں کو ہدائت عطا فرما ۔ شاہ عبداللہ پر بھی رحم فرما ۔ اللہ اس کے ذريعہ اسلام کی مدد فرما ۔ اے اللہ دوسرے حکمرانوں پر بھی رحم فرما ۔