امريکہ کے صدر بُش نے متعدد بار مشرقِ وُسطہ کے وسيع تر منصوبہ [گريٹر مڑل ياسٹ پلان] کا ذکر کيا ہے ليکن اس کی تفصيل کبھی بيان نہيں کی ۔ اِسی سال جون ميں امريکہ کی مسلحہ افواج کے رسالے [آرمڈ فورسز جرنل] ميں رالف پيٹرز کا لکھا ہوا ايک مضمون شائع ہوا جس کی حال ہی ميں مشہوری ہو جانے کے بعد امريکی حکومت نے اسے ايک شخص کا ذاتی خيال قرار دے کر اس سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ليکن آخر ايسا خيال پيدا کيوں ہوا اور پھر اسے مسلح افواج کے رسالے ميں کيوں چھاپا گيا ۔ دراصل آجکل يہ فنِ حرب ہے کہ پہلے غيرمعروف طريقہ سے منصوبہ پھيلاؤ ۔ اس کے دو مقاصد ہوتے ہيں ۔ ايک يہ کہ ردِعمل معلوم کر کے اُس کے مطابق بہتر تياری کی جائے اور دوسرے جب لوگ منصوبہ سے مانوس ہو جاتے ہيں تو درِعمل دھيما پڑ جاتا ہے اور منصوبہ پر عمل کرنے ميں آسانی رہتی ہے ۔
اس مضمون سے واضح ہو گيا ہے کہ بُش کا گريٹر مڈل ايسٹ پلان کيا ہے ۔ متذکرہ مضمون کو پڑھنے پر يوں لگتا ہے کہ نہ صرف افغانستان اور عراق پر قبضہ اور ايران کو باربا تڑی لگانا امريکہ کے اسی مقصد کی تکميل کی ايک کڑی ہے بلکہ بلوچنستان ميں آرمی آپريشن بھی بھی اسی منصوبہ کا حصہ ہيں اور بُش مسلمان ممالک کے بيوقوف اور خودغرض حکمرانوں سے اپنے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنا رہا ہے ۔ بلوچستان ميں آرمی آپريشن کے ذريعہ بلوچوں کو بغاوت پر اُکسا کر مشرقی پاکستان جيسے حالات پيدا کرنا تاکہ بيرونی مداخلت کا جواز پيدا ہو سکے اور پھر بُش اپنے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنائے قرينِ قياس لگتا ہے ۔
مجوّزہ منصوبہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کو غيرفطری قرار ديا گيا ہے ۔ منصوبہ کے مطابق پاکستان صرف پنجاب اور کراچی پر مشتمل رہ جائے گا ۔ بلوچستان ۔ سندھ کے قبائل کا علاقے اور ايران کے بلوچ علاقے کو ملا کر ايک نئی سلطنت بلوچستان بنائی جائے گی اور صوبہ سرحد افغانستان ميں شامل کر ديا جائے گا ۔
منصوبہ کے مطابق سعودی عرب صرف سرزمينِ حجاز پر مشتمل رہ جائے گا ۔ سعودی عرب کا کافی زيادہ علاقہ اور متحدہ عرب عمارات کا کچھ علاقہ چھين کر ايک يا کئی قبائلی سلطنتيں بنا دی جائيں گی ۔ عراق کو دو حصوں ميں تقسيم کر کے سُنّی علاقہ اور تُرکی کے کُرد علاقہ ميں کُرد سلطنت اور باقی ميں سعودی عرب کا شيعہ علاقہ اور ايران کا مغربی ساحل ملا کر ايک نئی شيعہ سلطنت بنائی جائے گی جو ايران کی مخالف ہو گی ۔ کويت ۔ دبئی ۔ قطر ۔ اومان اور اسرائيل کو اپنی اصلی حالت ميں رکھا جائے گا باقی مصر کے مشرق سے لے کر بھارت کے مغرب تک اور يورپ کے جنوب سے لے کر يمن اور اومان کے شمال تک سب ملک متاءثر ہوں گے ۔
اس منصوبہ کے مطابق عرب شيعہ مملکت ۔ آزاد بلوچستان اورکُردستان نئے ممالک بنائے جائيں گے ۔ افغانستان ۔ آرمينيہ ۔ آذربائيجان ۔ اُردن ۔ لبنان اور يمن اب سے بڑے ہو جائيں گے ۔ عراق ۔ تُرکی ۔ فلسطين ۔ ابوظہبی اور شام کا رقبہ کم ہو جائے گا اور سعودی عرب اور پاکستان بالکل چھوٹے رہ جائيں گے ۔ متذکرہ منصوبہ مندرجہ ذيل نقشوں سے واضح ہے
موجودہ نقشہ
مجوّزہ بہتر مشرقِ وسطہ کا نقشہ
مغرب کی چکا چوند سے آنکھيں مُوندھ کر مدہوش ہونے والواپنی آنکھيں کھولو اور اپنے دماغوں کی تطہير کراؤ ۔ اُٹھو کہ زمانہ چال قيامت کی چل گيا ۔ يہ مُلک نہ رہا تو تم کہاں رہو گے ؟ کوئی پناہ نہ دے گا ۔ صرف سمندر ميں يا جہنم کی آگ ميں پناہ ملے گی ۔
يا رب دلِ مُسلم کو وہ زندہ تمنا دے
جو قلب کو گرما دے جو روح کو تڑپا دے