Monthly Archives: August 2005

وہ کون ہے ؟


وہ میری بیوی ہے پچھلے اڑتیس سال سے ۔ کون کہتا ہے کہ ارینجڈ میریج اچھی چیز نہیں ہے ۔ میرا تجربہ کہتا ہے کہ ارینجڈ میریج یورپی سٹائل کی لو میریج سے زیادہ کامیاب ازدواجی زندگی مہیا کرتی ہے ۔ میں زبردستی کی شادی کی بات نہیں کر رہا ۔ اریجڈ میرج وہ ہوتی ہے جس میں والدین اپنے بچوں کی عادات پر نظر رکھتے ہوئے ان کے ساتھی کا انتخاب کرتے ہیں اور اپنے بچوں کے ساتھ تبادلہء خیال بھی کرتے ہیں ۔

آج کا دن اس کے نام جو چار اگست کو پیدا ہوئی


اس کے والد صاحب کا کاروبار قاہرہ میں تھا ۔ وہ عرصہ دراز سے وہیں رہتے تھے ۔ وہ مصر کے شہر قاہرہ میں پیدا ہوئی ۔ اس کے والد صاحب کے آباؤ اجداد اس علاقہ میں رہتے تھے جو چھ سال پہلے پاکستان بن چکا تھا ۔ اچانک اس کے والد صاحب کے دل میں پاکستان کی محبت جاگی اور وہ سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آ گئے ۔ وہ پاکستان کی کوئی زبان نہ بول سکتی تھی اور نہ سمجھ سکتی تھی ۔ پھر بھی اسے سکول میں داخل کرا دیا گیا چوتھی جماعت میں ۔ اس نے بہت محنت کی اور چند ماہ میں تھوڑی بہت اردو لکھنے لگی ۔ ہر سال وہ پاس ہوتی چلی گئی اور پنجاب یونیورسٹی سے فزکس کیمسٹری میں بی ایس سی پاس کی ۔ مگر اردو بولتے ہوئے وہ ٹ چ ڈ ڑ صحیح طرح نہیں بول سکتی تھی ۔اڑتیس سال قبل وہ میرے گھر آئی تو اسے قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ۔ میرے دل میں اس کے لئے قدر اور محبت جاگی اور بڑھتی چلی گئی ۔ خیال رہے پہلی نظر میں عشق صرف افسانوں میں ہوتا ہے حقیقت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ۔ اسی لئے کسی نے کہا ہے ۔ کہتے ہیں جسے عشق ۔ خلل ہے دماغ کا ۔ اس کے ہاتھ سے پکے کھانے کھائے ۔ پاکستانی ہی نہیں چین ۔ مصر ۔ اٹلی اور ترکی کی ڈشز بھی بہت اچھی اور مزے دار بناتی ہے ۔ میں نے اس کے بنائے ہوئے گلاب جامن اور رس ملائی بھی کھائی ہوئی ہے ۔ مٹھائی کی دکان والے کیا مقابلہ کریں گے ۔

وہ میری خوشیوں میں شامل ہوئی اور میرے غم میں میری ڈھارس بندھائی ۔ میرے ساتھ اس نے افریقہ اور یورپ کی سیر بھی کی اور حج اور عمرے بھی ۔ ہمیشہ اس نے میرے آرام کا اپنے آرام سے زیادہ خیال رکھا ۔ اب وہ میرے دل و دماغ پر چھا چکی ہے ۔ وہ کون ہے ؟ جاننے کے لئے کل اسی بلاگ پر تشریف لا ئیے ۔

Thousand visits – ایک ہزار دورے مکمل

پچھلے دو دنوں میں اتنا مشغول رہا کہ میں اپنے بلاگ پر توجہ نہ دے سکا ۔میں نے یہ بلاگ 7 اور 8 مئی کی درمیانی رات کو بنایا تھا ۔ 31 جولائی تک یعنی 85 دنوں میں زائرین نے اس کے ایک ہزار دورے کئے ۔

I remained so involved during past two days that could not pay attention to my blog. I had designed and launched this blog on the night between 7th and 8th May, 2005. On 31st July, it had registered 1000 visits.

جسے اللہ رکھے

کچھ ہفتے قبل میں نے اپنے بچپن کا ایک واقعہ لکھا تھا اور عنوان رکھا تھا سر منڈاتے ہی اولے پڑے ۔ ایک قاری نے ۔ملّا نہ سمجھ لیں قاری پڑھنے والے کو کہتے ہیں۔ ہاں تو ایک قاری نے بالکل صحیح تجویز کیا تھا کہ عنوان جسے اللہ رکھے ہونا چاہیئے تھا ۔ مگر میں نے عنوان اپنے والدین کی پریشانی کے لحاظ سے رکھا تھا ۔ خیر ۔ آج پھر میں گڑبڑ کرنے لگا تھا کہ مجھے اپنے قاری کی تجویز یاد آ گئي ۔آج کل روشن خیال اسلام کی تعمیر زور شور سے جاری ہے جس کے نتیجہ میں جہاد سے متعلق آیات کورس کی کتابوں سے نکالنے کا حکم ہے اور اسی سال کے اندر سارے دینی مدرسوں کو بند کرنا ہے ۔ بے اختیار میرے منہ سے نکلا ۔

نور خدا ہے کفر کی حرکت پہ خندہ زن
پھرنکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا

ایک دوست کی یاد آئی جو ایک سال قبل اس فانی دنیا سے کوچ کر گئے تھے ۔ اختر صاحب سے میری ملا قات بیالیس سال قبل ہوئی جو آہستہ آہستہ دوستی میں ڈھل گئی ۔ انہوں نے ترپن سال قبل انجنیئرنگ کالج لاہور سے الیکٹریکل انجنیئرنگ کی ڈگری حاصل کی ۔ وہ مجھ سے تیرہ سال بڑے تھے اس لئے بے تکلف دوستی ہوتے ہوئے بھی احترام قائم رہا ۔ اختر صاحب صاف گو انسان اور باعمل مسلمان تھے ۔ اکتیس سال قبل وہ کسی ٹریننگ پروگرام کے تحت چیکوسلواکیہ گئے ۔ وہ ملک جو اب دو یا تین ملکوں میں بٹ چکا ہے ۔ اس زمانہ میں یہ کٹر کیمیونسٹ ملک تھا اور مسلمانوں والا نام رکھنا بھی واجب القتل جرم تھا ۔ واپس آ کر انہوں نے اس وقت کے لحاظ سے عجیب واقعہ مجھے سنایا جو اختر صاحب کی زبانی مختصر درج کرتا ہوں ۔

میں جس فیکٹری میں تھا وہاں کوئی دو سو مقامی نوجوان تربیت لے رہے تھے ۔ ان کے بال بہت لمبے تھے اور جینز ۔ بنیان اور جیکٹ پہنتے تھے ۔ بظاہر بالکل لا پرواہ تھے اور اپنی زبان کے علاوہ اور کوئی زبان نہیں بولتے تھے ۔ ایک دن میرا پاکستانی ساتھی بیمار ہونے کی وجہ سے فیکٹری نہ گیا ۔ دوپہر کی بریک کے دوران کیفیٹیریا میں ایک میز کے ساتھ اکیلا بیٹھا تھا کہ ایک نوجوان احتیاط سے ادھر ادھر دیکھ کر جلدی سے میرے پاس آ کر بیٹھ گیا ۔ چند منٹ بعد اس نے میری طرف اشارہ کر کے میرے کان میں کہا ۔ لا الہ ؟ میں نے اثبات میں سر ہلایا تو اس نے میرے کان میں کہا الحمدللہ ۔ پھر اس نے اشاروں سے پوچھا کہ تمہارا ساتھی کیا ہے ؟ میں نے کہا لا الہ تو اس نے نفی میں سر ہلایا اور اشاروں سے مجھے سمجھایا کہ وہ مسلمان نہیں وہ شراب پیتا ہے ۔ اس دن کے بعد جب بھی کیفیٹیریا میں کوئی آفیسر موجود نہ ہوتا وہ میرے پاس آ کر بیٹھ جاتا اور اشاروں میں پاکستان کے متعلق پوچھتا رہتا ۔ کبھی قرآن شریف کی کوئی سورۃ مجھے سنا دیتا ۔ ایک دن وقفہ لمبا تھا تو اس نے مجھے پوری سورۃ بقرہ سنا دی ۔ میں نے ہمت کر کے اسے پوچھا کہ قرآن تم نے کہاں سے سیکھا تو اس نے بتایا کہ ایک استاد ہے جو ان کی طرح کسی اور فیکٹری میں کام کرتا ہے لیکن سب کچھ خفیہ ہے اگر کسی کو پتہ چل جائے تو سب کو ہلاک کر دیا جائے گا ۔ پھر ایک دن میرے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ ان کے گروہ میں بارہ ہزار مسلمان ہیں اور آہستہ آہستہ تعداد بڑھ رہی ہے ۔

اللہ سبحانہ و تعالی نے قرآن شریف کی حفاظت اپنے ذمّہ لے رکھی ہے ۔ یہ واقعہ اس کی ایک ادنی مثال ہے ۔مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے
وہی ہوتاہے جو منظورخدا ہوتا ہے

اپنے مکروہ ارادوں کو جتنا چاہیں خوشنما بنا لیں صیہونی ۔ نیو کان ۔ان کے باج گذار اور خوشامدی ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ

سچائی چھپ نہیں سکتی بناوٹ کے اصولوں سے
خوشبو آ نہیں سکتی کبھی کاغذ کے پھولوں سے

مسلمانوں کو گبھرانا نہیں چاہیئے اور علّامہ اقبال کا یہ شعر یاد رکھنا چاہیئے
تندیء باد مخالف سے نہ گبھرا اے عقاب
یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کے لئے

شعیب صفدر صاحب کی ہدائت پر آج بی بی سی اردو کی ویب سائٹ پر مندرجہ ذیل تبصرہ کیا ۔

ذی شعور شخص فیصلہ کرنے سے پہلے متعلقہ علم رکھنے والے لوگوں سے ایک مطالعاتی سروے کراتا ہے اور اس سروے کی روشنی میں فیصلہ کرتا ہے ۔ بدقسمتی سے ہمارے حکمران ایسا نہیں کرتے بالخصوص ملٹری ڈکٹیٹر اپنے آپ کو عقل کل اور ہرفن مولا سمجھتے ہیں اور جنرل پرویز مشرف تو تمام حدود پھلانگ چکے ہیں ۔ جو وعدے انہوں نے نواز شریف کی جمہوری حکومت کو ختم کر نے کے بعد کئے تھے چھ سال گذرنے کے بعد بھی ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا ۔ البتہ جو ادارے پہلے ٹھیک کام کر رہے تھے ان کو بھی تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔جہاں تک دینی مدرسوں کا تعلق ہے میں پچھلے تیس سالوں میں معلومات کی خاطر اسلام آباد ۔ راولپنڈی ۔ لاہور اور اکوڑہ خٹک میں کچھ مدرسوں میں جا چکا ہوں ۔ وہاں صرف اور صرف دینی تعلیم دی جاتی ہے ۔ دہشت گردی کی تعلیم تو بہت دور کی بات ہے وہاں فرقہ واریت کی بھی تعلیم نہیں دی جاتی ۔ فرقہ واریت ان نام نہاد مشائخ میں سے کچھ پھیلاتے ہیں جو حکومت کے خرچ پر عیش کر رہے ہیں ۔

افغانستان میں روسیوں کے خلاف جنگ کیلئے امریکی حکومت نے مدرسوں کے باہر خاص مراکز میں عسکری تربیت کا انتظام کیا تھا جس پر ہر سال امریکہ کئی سو ملین ڈالر خرچ کرتا رہا ۔ ان مراکز میں تربیت پانے والے زیادہ تر لوگ پاکستانی نہیں تھے ۔ ان کے لیڈروں کو امریکی حکومت کے مہمانوں کے طور پر امریکہ لیجایا جاتا تھا اور ان سے وہاں تقریریں بھی کروائی جاتی تھیں ۔ اس سارے کھیل میں پاکستانی مدرسوں کا کوئی رول نہ تھا ۔ اب بھی کسی جنگ یا دھماکے میں پاکستانی مدرسوں کا کوئی کردار نہیں ۔ پرویزمشرف اپنی ڈکٹیٹرشپ کو قائم رکھنے کے لئے اسلام کے خلاف امریکی اور برطانوی حکومتوں کے اشاروں پر ناچ رہا ہے ۔ اگر امریکی اور برطانوی عوام کو حقیقت کا علم ہو جائے تو مجھے یقین ہے وہ اس کی حمائت نہیں کریں گے ۔